چین سمیت دیگر ممالک کو سرمایہ کاری کیلئے کو بھی دعوت دے رہے ہیں:پرویز خٹک

چین سمیت دیگر ممالک کو سرمایہ کاری کیلئے کو بھی دعوت دے رہے ہیں:پرویز خٹک

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ڈیرہ اسماعیل خان(بیورورپورٹ) خیبرپختونخواہ حکومت نے چین کی سرمایہ کار کمپنیوں کے ساتھ بیس بلین ڈالر کے ترقیاتی منصوبوں کے معاہدہ پر دستخط کردئے ،انصاف انڈسٹریز کے تعاون سے ہونے والے اس معاہدہ کی خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی خیبرپختونخواہ پرویز خٹک نے کہا کہ آج ہم نے صوبہ کی تاریخ میں ترقی اور خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز کردیا ہے، انہوں نے کہا کہ صوبہ کے عوام کو نیا خیبرپختونخواہ فراہم کرنے کا ہم نے جو وعدہ کیا تھا آج کے دن اسکی تعبیر کا دن ہے، انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے صوبہ میں کرپشن کا خاتمہ کردیا ہے، چین کے ساتھ ساتھ دیگر ممالک کی سرمایہ کا رکمپنیوں کو بھی صوبہ میں سرمایہ کاری کی دعوت دے رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان چین اقتصادی راہداری صوبہ خیبر پختونخواہ میں سے گذر رہی ہے جس سے اس صوبہ کی ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا، انہوں نے کہا کہ عوام کو سہولیات فراہم کرنے کے جن منصوبوں پر ہم نے آج دستخط کئے ہیں ان پر جلد ہی کام شروع کیا جائے اس ضمن میں متعلقہ محکمہ جات کو خصوصی ہدایات جاری کردی گئی ہیں ، اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، تقریب میں ریسورس انٹر نیشنل کے جنرل منیجر مسٹر گورڈن لی، چائینہ ریلوے کارپوریشن اور دیگرچینی کمپنیوں کے عہدیدار بھی موجود تھے، قبل ازیں انصاف انڈسٹریز کے سی ای او عبدالباسط جاوید گنڈہ پور نے افتتاحی کلمات میں وزیر اعلی خیبر پختونخواہ، صوبائی حکومت اور چین کی کمپنی ہیریٹیج انٹر نیشنل کا خصوصی شکریہ ادا کیا جن کے تعاون سے صوبہ کی تاریخ میں منفرد ترقیاتی منصوبوں کے معاہدہ کو حتمی شکل دی گئی، انہوں نے کہا کہ ہیریٹیج ریسورس انٹرنیشنل اور دیگر کمپنیوں کے ساتھ ہونے والے معاہدات میں ایک اعشاریہ پانچ بلین ڈالر سے صوبہ میں آئل ریفائنری اور آئل و گیس کی مدمیں دیگر منصوبہ جات کی تکمیل، دو بلین ڈالرز کی مالیت سے چشمہ اپ لفٹ کینال، اور صوبہ بھر میںآبپاشی کے دیگر منصوبہ جات کی تکمیل، سات بلین ڈالرز سے صوبہ میں متعدد مقامات پر ہائیڈرو پاور پراجیکٹس قائم کئے جائیں گے جو دو ہزار بیس تک بجلی کی فراہمی شروع کردیں گے، انہوں نے بتایا کہ منصوبہ کے مطابق ڈیرہ اسما عیل خان اور صوابی میں سول ایوی ایشن کی منظور شدہ ہدایات کے مطابق انٹر نیشنل ایر پورٹس کی تکمیل، دو بلین ڈالرز سے چترال سے ڈیرہ اسما عیل خان تک موٹر وے، اور چترال سے ڈیرہ اسما عیل خان تک ریلوے لائن ، دو بلین دالرز سے سمارٹ اور سیف سٹی منصوبہ جات، اورپسماندہ اضلاع میں ہاؤسنگ منسوبہ جات کا قیام، چترال سے ڈیرہ اسما عیل خان تک فائیبر آپٹیکل ، چترال سے ڈیرہ اسما عیل خان تک چھ ہزارکلو میٹر ٹرانسمیشن لائن، صوبہ میں دو میگا پاور گرڈ سٹیشنز کا قیام، پشاور سرکلر ریلوے لائن، کوہاٹ ٹنل کی ڈبل لائن تک توسیع، اور زراعت کے شعبہ میں ترقی کے منصوبے شامل ہوں گے۔

پشاور( سٹاف رپورٹر )وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے پشاور میں موٹر وے کو جی ٹی روڈ سے منسلک کرنے والے زکوڑی فلائی اوورII، ورسک، ناصر باغ اورپجگی فلائی اوورز، بڈھنی پل جبکہ مردان میں جواد چوک اور کاٹلنگ فلائی اوورزسمیت چارپلوں کی تعمیر کی اصولی منظوری دی ہے اور ہدایت کی ہے کہ اس سلسلے میں پہلے سے موجود پیٹرن اختیار کیا جائے اور با ضابطہ منظوری کے لئے سمری بھیجی جائے جس میں منصوبوں کا تخمینہ لاگت اور ریٹس کا تعین بھی شامل ہونا چاہئے۔ انہوں نے مذکورہ منصوبوں کی تعمیر میں درپیش مسائل کا قابل عمل حل تلاش کرنے جبکہ منصوبوں کی کم سے کم وقت میں تکمیل یقینی بنانے کے لئے این ایل سی کے ساتھ معاہدے میں ٹائم لائنز کا تعین کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وہ وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ صوبائی وزیر برائے تعمیر و توانائی محمد عاطف خان، مشیر برائے مواصلات و تعمیرات اکبر ایوب، متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریوں ، کمشنر پشاور، این ایل سی کے نمائندوں اور دیگر اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں صوبائی حکومت کے این ایل سی کے ذریعے تعمیر کئے جانے والے منصوبوں پر تفصیلی غور و خوص کیا گیا اور اس سلسلے میں متعدد فیصلے کئے گئے۔ وزیر اعلیٰ نے فلائی اوورز اور پلوں کی تعمیر کے مذکورہ بالا منصوبوں کے تخمینہ لاگت اور دیگر آئٹمزمیں تبدیلیوں کی منطقی توجیہہ کر کے محکمہ مواصلات و تعمیرات اور پی ڈی اے کی طرف سے مشترکہ سمری پیش کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ نے پشاور، مردان، پبی اور تمام اضلاع کی خوبصورتی کے پلان پر کام تیز کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تیز رفتار حکمت عملی کے تحت ترقیاتی عمل نظر آنا چاہئے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پشاور کے اندرون شہر کی سڑکوں اور گلیوں کی تعمیر و مرمت کے لئے 220کروڑ روپے دیئے گئے ہیں۔ خوبصورتی کے لئے علیحدہ فنڈز موجود ہیں۔ ان وسائل کا شفاف استعمال یقینی بنایا جائے اور کام کی رفتار تیز کی جائے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ حیات آباد اور یونیورسٹی ٹاؤن میں سڑکیں تقریباً مکمل ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ یونیورسٹی ٹاؤن میں ریلوے ٹریک اور خوبصورتی پر بھی کام کرنا ہے ۔ سڑکوں میں حائل رکاوٹیں دور کرنی ہیں۔ یہ بھی پشاور کی خوبصورتی کے مجموعی پلان کا حصہ ہے۔ وزیر اعلیٰ نے ریپڈ بس ٹرانزٹ منصوبے کے لئے ٹائم لائنز کے تعین اور کام کی رفتار کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ منصوبے کے تینوں پیکجز کا ٹینڈر 30اپریل تک یقینی بنایا جائے۔پہلے دو پیکجز کا ٹینڈر 15اپریل جبکہ تیسرے پیکج کا ٹینڈر 30اپریل تک جاری ہو جانا چاہئے۔پراجیکٹ کی ایوالویشن 8دنوں میں اور کنٹریکٹ سائٹ پر موبیلائزیشن 15 دنوں میں یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے ایف ڈبلیو او کے شروع کردہ یوٹیلیٹز اور سروس روڈ کی تعمیر نو پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے پر تعمیری کام کے دوران ٹریفک کا بہاؤ برقرار رکھنے کے لئے متبادل روٹس کا مناسب انتظام یقینی ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ 40 ارب روپے کی مجوزہ لاگت سے یہ منصوبہ پشاور کی ٹریفک کا کل وقتی حل ہے جو 8روٹس کو باہم مربوط کرے گا۔ یہ تیز رفتاری سے مکمل ہونے والا اپنی نوعیت کا منفرد پراجیکٹ ہو گا جس کو آٹھ ماہ کی قلیل مدت میں مکمل کیا جائے گا۔

پشاور( سٹاف رپورٹر )وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے سرکاری ملازمین ملی جذبے سے کام کریں اور عوام کو خدمات کی فراہمی یقینی بنائیں۔ حکومت نے پہلے بھی مسائل حل کئے ہیں اور آیندہ بھی ہر ممکن تعاون کریگی۔ وہ وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ پشاور میں پیرا میڈیکل ایسوسی ایشن سوات کی نومنتخب کابینہ کی حلف برداری کی تقریب سے گفتگو کر رہے تھے۔ صوبائی وزیرمحمود خان اور دیگر اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ نے نومنتحب کابینہ سے باضابطہ حلف لیا۔ نو منتحب کابینہ کے اراکین میں صدر خورشید ا حمد ، سنیئر نائب صدر ناصر علی، نائب صدر اول ہارون رشید، نائب صدر دوم اختر علی، جنرل سیکریٹری محمد ایاز فاروقی اور دیگر شامل ہیں۔ نومنتخب صدر خورشید احمد نے سپاس نامہ پیش کیا اور شعبہ صحت کی بہتری کیلئے صوبائی حکومت کے اقدامات خصوصاً پیرا میڈکس کیلئے دی گئی مراعات کو سراہا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صحت سماجی خدمت کا اہم ترین شعبہ ہے۔اس شعبے سے منسلک لوگوں کو عوامی خدمت کے جذبے سے کام کرنا چاہئے۔ پیرامیڈکس عوام کو خدمات کی فراہمی کیلئے اپنی ذمہ داریاں بطریق احسن ادا کریں حکومت دستیاب وسائل کے مطابق ہر قسم کی مدد کریگی۔