نئی گاڑی ’ایم جی۔ ایچ ایس ‘ پاکستان میں متعارف لیکن اس کی قیمت کتنی رکھی گئی؟ آپ بھی جانیے

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) ایم جی پاکستان نے نئی گاڑی ’ایم جی۔ ایچ ایس ‘ متعارف کرا دی۔ پاک وہیلز ڈاٹ کام کے مطابق یہ 2.0ٹربو آل وہیلز ڈرائیو گاڑی ہے، جسے کمپنی کی طرف سے ’سی ایس یو وی‘ سیگمنٹ کی تیز ترین گاڑی قرار دیا گیا ہے۔ اس گاڑی کا انجن 226ہارس پاور اور 360نیوٹن میٹر ٹارک پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔اس طاقت کے ساتھ اس گاڑی کی ٹاپ سپیڈ 219کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس گاڑی میں جدید ترین انٹیریئر، ایکسٹیریئر اور سیفٹی فیچرز دیئے گئے ہیں جن میں سپورٹ سیٹیں، 7انچ ڈیجیٹل کلسٹر، کولنگ فنکشن کے ساتھ سنٹرل سٹوریج، انفوٹینمنٹ سکرین(ایپل کار پلے اور اینڈرائیڈ آٹو) ، 5ڈرائیونگ موڈز (ایکو، نارمل، سپورٹ، کسٹم اور سپر سپورٹ)، آٹو ٹریپ پاور ونڈوز، ریئر اے سی وینٹ، پینورامک روف، 5سٹار ریٹنگ اے این سی اے پی ریٹنگ کے ساتھ 6ایئر بیگز، فرنٹ اور ریئر سینسرز کے ساتھ 360ڈگری کیمرہ، ٹائر پریشر مانیٹرنگ سسٹم، ایم جی پائلٹ، ایڈاپٹو کروز کنٹرول، ڈور اوپن وارننگ و دیگر متعدد فیچرز شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اس گاڑی کی قیمت 92لاکھ 99ہزار روپے ہے اور ساڑھے 18لاکھ روپے پیشگی ادائیگی کرکے گاڑی کی بکنگ کرائی جا سکتی ہے۔ کمپنی کی طرف سے گاڑی کا ڈلیوری ٹائم صرف ایک مہینہ بتایا گیا ہے۔