جنرل کیانی رواں ماہ کے دوسرے ہفتے روس کا سرکاری دورہ کریں گے

جنرل کیانی رواں ماہ کے دوسرے ہفتے روس کا سرکاری دورہ کریں گے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد (آن لائن)چیف آف آرمی سٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی رواں ماہ کے دوسرے ہفتے آرمی سربراہ کی حیثیت سے ماسکو کا سرکاری دورہ کریں گے۔قبل ازیں2003 ءمیں سابق فوجی حکمران جنرل پرویز مشرف نے سربراہ مملکت کی حیثیت سے روس کا دورہ کیا تھا۔ جنرل کیانی کے متوقع دورہ روس کو سرد جنگ کے بعد پاک روس تعلقات میں ایک اہم اور مثبت پیشرفت قرار دیا جارہا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق سرکاری ذرائع نے پاک فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی کے ستمبر کے دوسرے ہفتے میں متوقع دورہ روس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے تاریخی دورہ روس کے دوران روسی ہم منصب کے علاوہ روسی صدر ،ولادیمیرپیوٹن سے بھی ملاقات کریں گے ۔ جنرل اشفاق پرویز کیانی کا ماسکو کا دورہ ماہ اگست کے اوائل میں طے تھا جو امریکی حکام کے ساتھ ملاقاتوں کے سلسلے کے باعث موخر کیا گیا۔آرمی چیف کا دورہ روس ایک ایسے وقت میں وقوع پذیر ہو رہا ہے جب چند ہفتے بعد اکتوبر کے اوائل میں روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن کا پہلا دورہ پاکستان متوقع ہے ۔وزارت خارجہ کے ایک عہدیدار کا کہنا ہے کہ روس کے ساتھ تعلقات کا نیا باب کھل رہا ہے اور یہ اہم پیشرفت ہے۔ایک فوجی عہدیدار کا کہنا ہے کہ جنرل کیانی کے دورروس کے دوران دونوں ملکوں کے مابین فوجی تعلقات کے حوالے سے اہم پیش رفت متوقع ہے ۔عسکری تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ سرد جنگ کے زمانے کے دشمن تزویراتی شراکت دار بننے جارہے ہیں اور افغانستان اور وسط ایشیاءمیں اہم سٹرٹیجک تبدیلی کا پیشہ خیمہ ہوگا ۔1980 ءکی دہائی میں پاکستانی اور روس ایک دوسرے کے دشمن رہ چکے ہیں کیونکہ افغانستان میں سوویت یونین کو شکست دینے کے لئے پاکستان نے امریکہ کا ساتھ دیا تھا لیکن حالیہ عرصہ میں ماضی کی تلخیوں کو دفن کرتے ہوئے دونوں ممالک کے تعلقات میں بتدریج بہتری آئی ہے ۔روس اور پاکستان کے مابین تعاون امریکہ کی طرح تحفظات کو جنم دیگاکیونکہ واشنگٹن کو ولادیمیر کے دورہ اسلام آباد کی توقع نہیں تھی ۔روس کا30 رکنی وزراءکا وفد9 ستمبر کو اسلام آباد پہنچ رہا ہے جہاں وہ بین الحکومتی مشن کے اجلاس میں شریک ہوگا اور یہ روسی صدر کے دورہ اسلام آباد کی تیاریوں کا حصہ ہوگا۔ روس سٹیل ملز اور ایران پاکستان گیس پائپ منصوبہ میں سرمایہ کاری میں بھی رضا مند ہے ۔

مزید :

صفحہ اول -