معروف گلوکار رفیق حسین خاں انتقال کرگئے، رائیونڈ میں سپرد خاک
لاہور(فلم رپورٹر)موسیقی کی دنیا کے لیونگ لیجنڈررفیق حسین خاں گزشتہ روز حرکت قلب بند ہوجانے کے باعث 65برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ مرحوم کی نماز جنازہ رائے ونڈ میں ادا کی گئی جس کے بعدسینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں مقامی قبرستان میں سپر خاک کردیا گیا۔معروف موسیقار وغزل گائیک رفیق حسین خاں کے والدطالب حسین بھارتی شہر سلطان پور کپور تھلہ سے ہجرت کرکے پاکستان آئے تھے۔مرحوم نے ہوش سنبھالتے ہی گانا شروع کیا۔سکول کے پروگرام ”بزم ادب“میں ملکہ ترنم نور جہاں کا شہرہ آفاق گیت ”اے پتر ہٹاں تے نئیں وکدے“گاکر سماں باندھ دیا۔رفیق حسین نے 7برس کی عمر میں ریڈیو پاکستان پر مقابلہ میں اوّل پوزیشن حاصل کی۔مرحوم رفیق حسین غلام علی کی شاگردی میں رہے اور انکی کی 30غزلوں کے البم کمپوز کئے۔انہوں نے بھارتی گلوکاروں ہری ہرن اور شنکر مہادیو کے لئے کمپوزیشنز تیارکیں۔ پاکستان ٹیلی وژن اور ریڈیو کے لئے بہت سارے ملّی نغمے اور غزلیں ریکارڈ کروانے کا اعزاز بھی ان کو حاصل تھا۔مرحوم نے مجموعی طور پر 3ہزارکے قریب دھنیں تخلیق کیں۔بطور گلوکار امریکہ،برطانیہ،کنیڈا،ساؤتھ افریقہ،مشرق وسطیٰ سمیت دنیا کے دیگر ممالک میں پرفارم کرکے ملک کا نام روش کیا۔رفیق حسین نے لواحقین میں پانچ بیٹوں ناصر عباس،فضل عباس،یاسر عباس،مظہر عباس اور اظہر عباس اور بیوہ کو چھوڑا ہے۔
رفیق حسین