وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو توہین عدالت کا نوٹس جاری
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) سندھ ہائیکورٹ سرکٹ بینچ کی جانب سے وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کر دیا گیا۔
سندھ ہائیکورٹ سرکٹ بینچ میں سابق لائبریرین مہران یونیورسٹی کی جانب سے دائر توہین عدالت درخواست پر سماعت ہوئی جس میں درخواستگزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ پنشن کی عدم ادائیگی پر یونیورسٹی انتظامی کے خلاف پٹیشن دائر کی تھی۔درخواست گزار کے مطابق پٹیشن پر ہونیوالی سماعت میں عدالت کو آگاہ کیا کہ پنشن کے اجراء کا اختیار یونیورسٹی انتظامیہ کا نہیں، عدالت کو بتایا گیا کہ پنشن کے اجراء کی درخواست وزیر اعلیٰ سندھ کو ارسال کی گئی ہے ۔درخواست گزار کے مطابق عدالت نے وزیراعلی سندھ کو 60 روز کے اندر درخواست پر فیصلہ صادر کرنے کا حکم دیا تھا لیکن 6 ماہ گزر جانے کے باوجود عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہیں ہوسکا ۔عدالت نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کرتے ہوئے 3 اکتوبر کو خود پیش ہونے یا وکیل کے ذریعہ جواب داخل کرنے کا حکم جاری کر دیا۔