کشیدہ صورتحال، علی امین گنڈا پور کی ہدایت پر کرم کیلئے ہیلی کاپٹر سروس شروع
پشاور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) کرم میں کشیدہ صورتحال کے پیش نظر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی گنڈا پور کی ہدایت پر ہیلی کاپٹر سروس شروع کردی گئی۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز نے حکومتی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ گزشتہ روز صوبائی حکومت کے ہیلی کاپٹر ایم آئی 17 نے پشاور سے کرم کے لئے دو پروازیں کیں، ان پروازوں کے ذریعے پاراچنار سے 53 افراد کو پشاور منتقل کیا گیا جن میں 14 مریض بھی شامل تھے۔
ذرائع نے بتایا کہ آج ہیلی کاپٹر کی پہلی پرواز کے ذریعے جرگہ ممبران اور سرکاری عملے پر مشتمل 16 افراد کو پاراچنار منتقل کیا گیا جبکہ دوسری پرواز کے ذریعے پاراچنار سے 27 لوگوں کو ٹل اور تیسری پرواز کے ذریعے ٹل میں پھنسے افراد کو پاراچنار منتقل کیا جائے گا۔
آج مجموعی طور پر پانچ پروازیں ہونگی جن کے ذریعے 100 سے زائد افراد کو منتقل کیا جائے گا، علاقے میں ادویات کی ضروریات پوری کرنے کے لئے وزیر اعلیٰ کی خصوصی ہدایات پر ہیلی کاپٹر کے ذریعے ادویات کی فراہمی کا عمل بھی جاری ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ کل پشاور سے 1850 کلوگرام ادویات پاراچنار پہنچائی گئیں، ان ادویات کی مالیت ایک کروڑ 20 لاکھ روپے ہے، کرم میں ادویات کی فراہمی کے لئے ہیلی کاپٹر کی کل سات پروازیں ہوئیں، ان پروازوں کے ذریعے 6 کروڑ روپے مالیت سے زائد کی ادویات کرم پہنچائی گئیں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال میں کرم کے عوام کو درپیش مشکلات کا بخوبی احساس ہے، صوبائی حکومت کرم کے عوام کو درپیش مشکلات کو کم کرنے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے، کرم میں پائیدار امن اور لوگوں کو درپیش مشکلات کے مستقل حل کے لئے سنجیدہ اقدامات کئے جا رہے ہیں۔