پاکستان ساف انڈر16 فٹبال ایونٹ میں شرکت سے محروم

پاکستان ساف انڈر16 فٹبال ایونٹ میں شرکت سے محروم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(آن لائن)پاکستان ساؤتھ ایشین فیڈریشن انڈر16 فٹبال چیمپئن شپ میں شرکت سے محروم ہوگیا ایونٹ 22 سے29 اگست تک بھارت میں شیڈول ہے۔ذرائع کے مطابق پاکستان انڈر16 فٹبال ٹیم کی ہنوز تشکیل ہی نہیں ہوسکی، جس کے سبب پاکستان فٹبال فیڈریشن نے ایونٹ میں شرکت کے لیے بھارتی ویزے کے درخواست ہی جمع نہیں کرائی، فیڈریشن نے وقت کی کمی کے سبب ٹیم کے کھلاڑیوں اورآفیشلز کے ویزوں کے لیے پاکستان میں بھارتی ہائی کمیشن سے رجوع ہی نہیں کیا۔بھارت میں شیڈول اہم انٹرنیشنل جونیئرایونٹ میں شرکت سے محروم ہونے والی پاکستان انڈر16 فٹبال ٹیم اب 18 تا 22 ستمبر سعودی عرب میں شیڈول اے ایف سی انڈر 16چیمپئن شپ کے کوالیفائرز میں حصہ لے گی، دوسری جانب اس ایونٹ کے لیے قومی وجونیئر ٹیم کے انتخاب کے لیے قومی جونیئر تربیتی کیمپ پیر سے لاہور میں شروع ہورہا ہے۔فیفا کی جانب سے پاکستان آنے والے برازیلین یوتھ کوچ اورکیمپ کمانڈنٹ بتیو پورٹیلا کی زیرنگرانی لاہور سٹی اسپورٹس کمپلیکس پرشیڈول تربیتی کیمپ کے لیے ملک بھر میں ہونے والے اوپن ٹرائلز کے بعد 53 ممکنہ کھلاڑیوں کو طلب کیا گیا ہے۔
، ان میں قبائلی علاقہ جات اور وزیرستان سے منتخب ہونے والے فٹبالرز بھی شامل ہیں،کیمپ میں اصغر انجم اسسٹنٹ کوچ اور نعمان ابراہیم گول کیپر کوچنگ کی ذمہ داری ادا کریں گے۔برازیلی کوچ بتیو پورٹیلا نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں فٹبال کا بے انتہا ٹیلنٹ ہے، اگر نوجوان کھلاڑیوں کی درست سمت میں تربیت کی جائے تو وہ اپنی بہترین صلاحیتوں کی بدولت عالمی سطح پر نمایاں مقام حاصل کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں،امید ہے کہ فیفا کی زیرنگرانی پاکستان انٹر نیشنل جونیئر فٹبال مقابلوں میں اچھے نتائج پیش کرے گا۔پورٹیلا نے کہا کہ وہ پاکستان کے جونیئر کھلاڑیوں کی کارکردگی سے بہت متاثر ہوئے ہیں، ان کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ٹریننگ ملے تو وہ اپنی اہلیت ثابت کرسکتے ہیں، انھوں نے مزید کہاکہ فٹبال کی عالمی تنظیم کی جانب سے پاکستان کے معاملات کے لیے بنائی جانے والی نارملائزیشن کمیٹی کے تحت پاکستان انٹرنیشنل جونیئر مقابلوں میں شرکت کرے گا۔#/s#