پاکستان تحریک انصاف کے امید وار سردار عبدالقیوم خان نیازی آزاد جموو کشمیر کے 13ویں وزیراعظم منتخب

پاکستان تحریک انصاف کے امید وار سردار عبدالقیوم خان نیازی آزاد جموو کشمیر کے ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 مظفرآباد (مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں)نو منتخب وزیر اعظم آزاد کشمیر عبدالقیوم خان نیازی نے آزادکشمیر کے 13ویں وزیر اعظم کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا۔ صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے نو منتخب وزیر اعظم سے حلف لیا،حلف برداری کی تقریب ایوان صدر مظفرآباد میں ہوئی۔عبدالقیوم نیازی اپوزیشن کے مشترکہ امیدوارچودھری لطیف اکبرکوشکست دے کر وزیراعظم منتخب ہوئے۔عبد القیوم نیازی نے 33 اور مد مقابل امیدوار چودھری لطیف اکبر نے 15 ووٹ لیے۔ عبدالقیوم نیازی آزاد کشمیر کے 13ویں وزیر اعظم ہیں۔حلقہ ایل اے 18عباس پور پونچھ سے منتخب ایم ایل اے سردار عبدالقیوم خان نیازی کے وزیر اعظم آزادکشمیر منتخب ہونے پر آبائی علاقے درہ شیرخان و ملحقہ شہر تتہ پانی میں زبردست جشن منایا گیا،ڈھول کی تھاپ پر کارکنان وحامی رقص کرتے اور بھنگڑے ڈالتے رہے، جبکہ آتش بازی کا بھی زبردست مظاہرہ کیا گیا، منوں مٹھائی بھی تقسیم کی گئی،کارکنان اور دیگر عوام علاقہ ایک دوسرے کو مبارکباد دیتے رہے، چیئر مین پی ٹی آئی ووزیر اعظم پاکستان عمران خان کی جانب سے سردار عبدالقیوم خان نیازی کے بطور وزیر اعظم آزادکشمیر انتخاب کے فیصلہ کا بھرپور خیر مقدم کیا گیا اور انکا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا گیا،ادھر سردار عبدالقیوم خان نیازی کے وزیر اعظم آزادکشمیر بننے پر تاہی، کنوئیاں، سہڑہ، بٹل،منڈہول سمیت حلقہ بھر میں بھی جشن کا سلسلہ جاری ہے۔آزادکشمیر کے نومنتخب وزیر اعظم سردار عبدالقیوم خان نیازی 1957ء کو ضلع پونچھ تحصیل ہجیرہ میں عین ایل اوسی پرواقع علاقے درہ شیرخان میں سردار فضل داد خان مرحوم کے ہاں پیداہوئے، آپکا تعلق مغل(دولی) خاندان سے ہے جبکہ نیازی آپکا تخلص ہے،سردارعبدالقیوم خان نیازی نے گریجویشن تک تعلیم حاصل کررکھی ہے، زمانہ طالب علمی سے ایک متحرک نوجوان تھے، سیاسی وسماجی سرگرمیوں میں ہمیشہ بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے رہے، آپ نے1980ء میں عملی سیاست کا آغاز کیااور اپنی آبائی یونین کونسل سہڑہ سے ڈسٹرکٹ کونسلر کا الیکشن لڑا اور بھاری اکثریت سے یہ الیکشن جیت بھی لیا، بعدازاں بھی متعدد بار ڈسٹرکٹ کونسلر منتخب ہوتے رہے،آپ کے خاندان کا ریاستی جماعت مسلم کانفرنس کے ساتھ ایک مضبوط تعلق رہا،2006ء کے الیکشن میں مسلم کانفرنس کے ٹکٹ پرحلقہ ایل اے18عباس پور پونچھ سے پہلی مرتبہ ممبر اسمبلی منتخب ہوئے اور سردار عتیق احمد خان کی سربراہی میں قائم مسلم کانفرنس کی حکومت میں وزیر خوراک، مال، جنگلات،جیل خانہ جات رہے،2011ء کے الیکشن میں بھی حصہ لیا لیکن کامیاب نہیں ہوسکے،2016ء کے الیکشن میں بھی میدان میں اُترے اور چند سو ووٹوں سے یہ الیکشن ہار گئے،انہوں نے مذکورہ الیکشن کے نتائج کو مسترد کرتے ہوئے ووٹوں کی گنتی کیلئے عدالت سے رجوع کیاتھا،دوسال قبل مسلم کانفرنس کو خیر آباد کہہ کر پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوئے اور2021ء کا الیکشن پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر لڑااور دس ہزار سے زائد ووٹوں کی لیڈ سے کامیاب ہوکر دوسری مرتبہ آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی کے ممبر منتخب ہوگئے، اورقسمت کی دیوی مزید مہربان ہوئی اور وہ وزیر اعظم آزادکشمیر منتخب ہوگئے، سردار عبدالقیوم خان نیازی اعلیٰ صفات کی مالک شخصیت اور پسندیدہ عوامی لیڈرہیں، وہ ہمیشہ اپنا زیادہ وقت حلقہ عوام میں گزارتے رہے،یادرہے کہ سردار عبدالقیوم خان نیازی کے بڑے بھائی الحاج سردار غلام مصطفی خان بھی دومرتبہ آزادکشمیر قانون سازاسمبلی کے ممبر اور وزیر رہ چکے ہیں۔
سردار عبدالقیوم خان نیازی 
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں)ٹوئٹر پر اپنے بیان میں  وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا کہ طویل مشاورت اور تجاویز کے جائزے کے بعد وزیر اعظم پاکستان و چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے آزاد کشمیر اسمبلی کے نومنتخب ایم ایل اے عبدالقیوم نیازی کو وزیر اعظم آزاد کشمیر کے عہدے کیلئے نامزد کیا ہے۔ وہ ایک متحرک اور حقیقی سیاسی کارکن ہیں جن کا دل کارکنوں کے ساتھ دھڑکتا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم کے عہدے کے لیے  5 امیدواروں کے انٹرویوز لیے تھے جن میں سردار تنویر الیاس، بیرسٹر سلطان محمود، خواجہ فاروق، اظہر صادق اور عبدالقیوم نیازی شامل تھے۔دوسری جانب وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے عبد القیوم نیازی صاحب کو وزیراعظم آزاد کشمیر نامزد ہونے پرمبارکباد دی۔ 
مبارکباد

مزید :

صفحہ اول -