پاک روس تعلقات نہ کسی کو نقصان پہنچانے کیلیے ہیں نہ کسی کے مفاد کیخلاف : وزیر توانائی اویس لغاری
اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن )وفاقی وزیرِ توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ پاک، روس تعلقات پر مغرب کو ناراض نہیں ہونا چاہیے۔ پاک روس تعلقات نہ کسی کو نقصان پہنچانے کے لیے نہ کسی کے مفاد کے خلاف ہیں۔ہم پاک روس تعلقات سے دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ پہنچانا چاہتے ہیں، یہ فوائد اقتصادی فوائد میں تبدیل ہو جائیں گے۔
"جنگ " کے مطابق روسی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئےاویس لغاری کا کہنا تھا کہ تیسری دنیا کے ممالک کی ترقی کے لیے عالمی طاقتوں کے درمیان مؤثر اور مسلسل رابطہ ناگزیر ہے۔ مارچ سے پاکستان اور روس کے درمیان آزمائشی مال بردار ٹرین چلے گی، ہم پاکستان اور روس کے درمیان براہِ راست فضائی سروسز کے قیام پر غور کر رہے ہیں۔پاکستان کو برکس کے اندر رکن ممالک سے بہتر اور قریبی علاقائی تعاون کا فائدہ ہو سکتا ہے۔