نواز شریف سری لنکا پہنچ گئے کولمبوائیرپورٹ والہانہ استقبال

نواز شریف سری لنکا پہنچ گئے کولمبوائیرپورٹ والہانہ استقبال

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کولمبو(اے این این ) وزیراعظم نواز شریف سری لنکا کے تین روزہ سرکاری دورے پرکولمبوپہنچ گئے،انہیں اس دورے کی دعوت سری لنکن صدرمیتھری پالا سری سینانے دی تھی ۔ وزیراعظم جب کولمبو کے باندرانایاک انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے تو وہاں ان کا سری لنکا کے وزیراعظم رانیل وکرمام سنگھے نے اپنی کابینہ کے اراکین کے ہمراہ استقبال کیا۔اس موقع پر سری لنکا میں پاکستانی ہائی کمشنز میجرجنرل(ر)سید شکیل حسین اور پاکستانی سفارت خانے کے دیگر اعلی افسران بھی موجود تھے. وزیراعظم اور ان کی اہلیہ کو پھولوں کے دستے بھی پیش کیے گئے۔ وزیراعظم کے ہمراہ وزیر تجارت خرم دستگیر خان، وزیر برائے دفاعی پیداوار رانا تنویر، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور خارجہ سرتاج عزیز، مشیر برائے قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل (ر)ناصر جنجوعہ اور دیگر اعلی افسران بھی سری لنکا کے دورے پر گئے ہیں۔ وزیراعظم کولمبومیں قیام کے دوران سری لنکن صدر میتھری پالا سری سینا سے مختلف شعبوں خصوصا تجارتی اور اقتصادی شعبوں میں دوطرفہ تعلقات میں فروغ کے طریقوں پر تبادلہ خیال کریں گے۔ دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم کے دورے کے دوران مفاہمت کی کئی یادداشتوں اور معاہدوں پر بھی دستخط کیے جائیں گے جبکہ سری لنکن صدر وزیراعظم کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیں گے ۔وزیراعظم کولمبو میں وزرا، ارکان پارلیمنٹ، سینیئر حکام، ممتاز تاجروں اور سفارت کاروں کے ایک اجلاس سے بھی خطاب کریں گے۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوستان اور خوشگوار تعقات ہیں جبکہ 1948 میں دونوں ممالک کے درمیان سفارتی روابط قائم ہوئے۔

مزید :

صفحہ اول -