کراچی سے اغوا ہونے والا 7سالہ بچہ چکوال سے بازیاب

کراچی سے اغوا ہونے والا 7سالہ بچہ چکوال سے بازیاب
کراچی سے اغوا ہونے والا 7سالہ بچہ چکوال سے بازیاب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

چکوال(ڈیلی پاکستان  آن لائن)  پولیس نے کراچی سے اغواء ہونے والا 7 سالہ یتیم بچہ محمد احمد محبوب چکوال سے بازیاب کروا لیا۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آئی جی پنجاب نے اغواء شدہ یتیم بچے کی تلاش اور بحفاظت بازیابی کیلئے سندھ ہائی کورٹ کے احکامات پر آر پی او راولپنڈی کو فوری اقدامات کرنے کے احکامات جاری کئے۔ جس پر آر پی او راولپنڈی نے بچے کی تلاش کے لیے دو اضلاع کی پولیس پر مشتمل خصوصی ٹیمیں تشکیل دیں۔ سرچ آپریشن میں جہلم اور چکوال پولیس کی ٹیموں نے حصہ لیا۔ خصوصی ٹیموں نے جدید ٹیکنالوجی کے موثر استعمال سے بچے کو ٹریس کرتے ہوئے چکوال سے بازیاب کرا لیا۔
 ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی اشفاق احمد خان نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق بچے کو اغواء کرنے والے قریبی عزیز ہیں اور بچے کو کراچی سے اغواء کرکے چکوال لانے والے ملزمان میاں بیوی ہیں جنہیں پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ بچے کی برآمدگی کے لیے سندھ ہائی کورٹ نے پنجاب پولیس کو حکم دیا تھا اور اب بچے کو جلد وارثان کے حوالے کرنے کیلئے کراچی بھیجا جائے گا اور عدالت میں پیش کیا جائے گا۔