کوئٹہ میں ٹرین کے سامنے آکر خودکشی کی کوشش کرنے والا ٹیچر دوران علاج انتقال کرگیا

کوئٹہ میں ٹرین کے سامنے آکر خودکشی کی کوشش کرنے والا ٹیچر دوران علاج انتقال ...
کوئٹہ میں ٹرین کے سامنے آکر خودکشی کی کوشش کرنے والا ٹیچر دوران علاج انتقال کرگیا
سورس: Representational Image

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کوئٹہ (ویب ڈیسک) ٹرین کے سامنے آکر خودکشی کی کوشش کرنے والے سکول ٹیچر عامر غوری کراچی میں دوران علاج انتقال کرگئے۔

جیو نیوز کے مطابق  ٹیچر عامر غوری نے 25 جون کو کوئٹہ میں ٹرین کے نیچے آکر خودکشی کی کوشش کی تھی۔اہل خانہ کے مطابق ٹیچر عامرغوری کا علاج کراچی کے نجی ہسپتال میں جاری تھا۔

کوئٹہ کے علاقے شہباز ٹاؤن کی ریلوے کراسنگ پر 25جون کو شہید شفیق احمد خان سکول کے ٹیچر عامر غوری چمن جانے والی ٹرین کے زد میں آکر زخمی ہوگئے تھے۔

ٹرین کی ٹکر سے ان کا ایک پاؤں اور ہاتھ کٹ جانے سے وہ معذور ہوگئے تھے، ان کے اور ان کی اہلیہ کی جانب سے یہ مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ عامر غوری ایک بچی کو بچاتے ہوئے ٹرین کے سامنے آئے۔

ان کا مؤقف سامنے آنے پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے نہ صرف ہسپتال جاکر ٹیچر کی عیادت کی بلکہ ان کا علاج کراچی کے نجی ہسپتال میں کرانے اور ان کی اہلیہ کو ملازمت فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا تاہم  حادثے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آنے پر سکول ٹیچر کے اس دعوے کی قلعی کھل گئی۔ 

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عامر غوری خودکشی کی نیت سے بھاگ کر ٹرین کے سامنے آتے ہیں، اس وقت وہاں کوئی بچی موجود نہیں تھی۔

فوٹیج سامنے آنے کے بعد بجلی روڈ تھانے کی پولیس نے ریلوے پولیس کے ہیڈ کانسٹیبل کی مدعیت میں عامر غوری کی خلاف خودکشی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے بھی حقیقت سامنے آنے پر عامر غوری کے علاج کے علاوہ تمام اعلان کردہ مراعات واپس لینے کے احکامات دیے تھے۔