ادارے ہمارے اور مینڈیٹ چوروں کے بیچ نہ آئیں، وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور
مانسہرہ(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعلیٰ خیبرپختوبخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ اعلان کرتا ہوں کہ باجوہ غدار ہے اور جو بھی باجوہ بنے گا ہم اس کو غدار کہیں گے، اگر پرویز خٹک عمران خان کے خلاف گواہ بننا یا کوئی بیان دیا تو اُس کا صوبے میں رہنا دوبھر کردیں گے۔
مانسہرہ میں جلسے سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ یہ سیاسی جنگ ہے ادارے ہمارے اور ہمارے مینڈیٹ چوروں کے بیچ نہ آئیں، عمران خان ملک و قوم کی خاطر پر امن ہے جس دن اس نے آواز دی تو ہم بھر پور انداز میں نکلیں گے، آئین توڑنے کی سزا موت ہے اور ہم آئین توڑنے والوں کو آئین کے مطابق سزا دیں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ جس دن ہمیں یقین ہوا کہ انصاف نہیں ملنے والا اور ہم نے قانون اپنے ہاتھ میں لیا تو دیکھتا ہوں کون ہمارے راستے میں آتا ہے، عوام ترقیاتی کاموں کے لئے میرا شکریہ ادا نہ کریں کیونکہ یہ عوام کا حق ہے، عوام میرا شکریہ تب ادا کریں جب میں عمران خان کو رہا کراکے عوام کے بیچ میں کھڑا کردوں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہمارے ساتھ ظلم اس لیے ہورہا ہے کہ عمران خان نے غلامی قبول نہیں کی بلکہ ملکی خودمختاری اور اسلام کی سربلندی پر ڈٹ گیا، ہم غلام نہیں رہنا چاہتے ہمیں آزادی چاہیے اور اگر نہ دی گئی تو چھین کر لے لیں گے اور عمران خان کی بے گناہ قید کے ایک ایک دن کا حساب بھی لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سنا ہے پرویز خٹک کو عمران کے خلاف گواہی کے لئے بلایا جاریا ہے، اگر احسان فراموش پرویز خٹک نے عمران خان کے خلاف جھوٹی گواہی دی تو اس صوبے میں اس کے لئے رہنے کی جگہ نہیں ہوگی۔
علی امین گنڈا پور نے اعلان کیا کہ قسم کھاتا ہوں کہ عمران خان کی رہائی کی اس تحریک میں پہلی گولی میں کھاوں گا، ہمارے بزرگوں نے انگریزوں سے آزادی حاصل کی ہم ان لٹیروں سے آزادی حاصل کریں گے، مریم نواز نے پنجاب میں لوگوں پر ظلم و ستم کا سلسلہ بند نہ کیا تو کے پی پنجاب جاکر لوگوں کا ساتھ دے گا۔