شارجہ ٹیسٹ: پاکستان نے انگلینڈ کو 127 رنز سے شکست دیدی، سیریز 0-2سے اپنے نام کر لی

شارجہ ٹیسٹ: پاکستان نے انگلینڈ کو 127 رنز سے شکست دیدی، سیریز 0-2سے اپنے نام کر ...
شارجہ ٹیسٹ: پاکستان نے انگلینڈ کو 127 رنز سے شکست دیدی، سیریز 0-2سے اپنے نام کر لی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

شارجہ(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان جاری تیسرے ٹیسٹ کے آخری دن کے کھیل میں پاکستانی بائولرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انگلش بلے بازوں کو ناکوں چنے چبوا دئیے  اور پاکستان کو  127 رنز سے میچ جتوا کر سیریز میں 2۔0 سے کامیابی دلادی ۔آخری ٹیسٹ میچ جیتنے کے بعد پاکستان کی ٹیم 10 سال کے طویل انتظار کے بعد ٹیسٹ رینکنگ میں دوسرے نمبر پر آگئی ۔

اپنے کیریئر کا آخری ٹیسٹ میچ کھیلنے والے شعیب ملک نے اپنی آخری اننگز کو یادگار بناتے ہوئے ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ یاسر شاہ نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے انگلش کھلاڑیوں کا ایشز سیریز کی فتح کا خمار اتار دیا۔ دوسری اننگزمیں پاکستان کی طرف سے ذوالفقار بابر نے 2 اور راحت علی نے 1  وکٹ اکھاڑ کر ٹیم کی کامیابی میں اپنا حصہ ڈالا۔

انگلینڈ کی طرف سے کپتان الیسٹرکک 63 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے ان کے علاوہ انگلینڈ کی ٹیم کا کوئی بھی کھلاڑی جم کر نہ کھیل سکا اور پوری ٹیم 156 رنز کے مجموعی سکور پر آؤٹ ہوگئی۔انگلش بلے باز معین علی اور عادل رشید 22، بائیس رنز بنا کر دوسرے نمبر پر رہے جبکہ بین سٹوکس 12، جو روٹ 6، جوز ٹیلر 2 اورآین بیل، جیمی بیرسٹو، سمیت پٹیل بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

پاکستان نے پہلی اننگز میں 234 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں انگلینڈ کی ٹیم 306 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ دوسری اننگز میں پاکستان نے محمد حفیظ کے 151 رنز کی بدولت 355 رنز بنا کر انگلینڈ کو 284 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں انگلینڈ کی ٹیم 156 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

مزید :

کھیل -Headlines -