شباب کیرانوی کی 37ویں برسی آج منائی جائے گی
لاہور(فلم رپورٹر)پاکستان فلم انڈسٹری کے نامور ہدایت کار و فلم ساز شباب کیرانوی کی 37ویں برسی آج منائی جائے گی۔شباب کیرانوی 1925ء میں بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر کیرانہ میں پیدا ہوئے جن کا اصل نام حافظ نذیر احمد تھا۔ وہ بنیادی طور پر حافظ قرآن تھے۔ انہوں نے اپنے کیرئیر کا آغاز 1955ء میں بطور پروڈیوسر فلم جلن سے کیا جبکہ بطور ہدائت کا ر ان کی پہلی فلم ثریا تھی۔انہوں نے اپنے کیریئر کے دوران بے شمار شہرہ آفاق فلمیں بنائیں۔ تین سال بعد سپر ہٹ موویز کے بینر تلے انہوں نے ٹھنڈی سڑک فلم بنائی جو قدرے کامیاب ہوئی۔1960ء میں اسی ادارے کے تحت انہوں نے ایک جادوئی ٹائپ فلم گلبدن بنائی اور حسب معمول اس کی ہدایات بھی اے حمید ہی نے دیں۔
انہوں نے پہلی باراپنے ہی ادارے سپر ہٹ موویز کی فلم ثریا کی ڈائریکشن دی جو ایک عمدہ ومعیاری اور کامیاب شاہکار ثابت ہونے سمیت شباب کیرانوی کے ہدایتکار انہ کیریئر کیلئے سنگ میل ثابت ہوئی۔شباب کیرانوی 5نومبر 1982ء کو اس دار فانی سے کوچ کرگئے۔مرحوم کی برسی کے موقع پر نگار خانوں میں خصوصی تعزیتی تقریبات کا انعقاد کیاجائیگا جبکہ الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا میں بھی مرحوم کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے خصوصی پروگرامات نشر و مضامین شائع کئے جائیں گے۔