وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کا خیبرپخٹونخوا کیلئے آٹے کی ترسیل بحال کرنے کا حکم جاری

وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کا خیبرپخٹونخوا کیلئے آٹے کی ترسیل بحال کرنے کا حکم ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے احسن اقدام اٹھاتے ہوئے خیبرپختونخوا کیلئے آٹے کی ترسیل بحال کرنے کا فیصلہ کیاہے اوراس فیصلے کی روشنی میں پنجاب حکومت خیبرپختونخوا کیلئے آٹے کی ریلیز کو اوپن کرے گی۔وزیراعلیٰ نے محکمہ خوراک پنجاب کواس ضمن میں ہدایات جاری کر دی ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت گزشتہ روز اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ خیبرپختونخوا کے وزیر خوراک قلندر خان لودھی، وزیر خوراک پنجاب سمیع اللہ چودھری، چیف سیکرٹری، سیکرٹری خوراک، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، سیکرٹری خوراک کے پی کے، سیکرٹری خزانہ اور سیکرٹری کوآرڈی نیشن وزیراعلی نے اجلاس میں شرکت کی۔وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت خیبرپختونخوا کی آٹے کی ضروریات کو پورا کرے گی اور پنجاب حکومت نے خیبرپختونخوا میں بسنے والے بہن بھائیوں کیلئے خیرسگالی کے جذبے کے تحت آٹے کی ترسیل بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔خیبرپختونخوا میں آٹے کی ترسیل کو مسلسل مانیٹر کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کی مشترکہ کمیٹی تشکیل دی جائے۔کمیٹی اس ضمن میں کئے جانے والے اقدامات کی باقاعدہ نگرانی کرے گی۔وزیر خوراک کے پی کے قلندر خان لودھی نے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے خیبرپختونخوا کیلئے آٹے کی ترسیل بحال کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے شکرگزار ہیں،بلاشبہ پنجاب حکومت کا یہ اقدام خیبرپختونخوا کی آٹے کی ضروریات پورا کرنے میں ممدو معاون ثابت ہوگا۔ایوان وزیراعلیٰ میں ایک اور اجلاس کے دوران کاشتکاروں کی فلاح وبہبود او ران کے حقوق کے تحفظ کیلئے اقدامات کاجائزہ لیا گیا،جس میں صنعتکاری کے عمل کو تیز کرنے کے حوالے سے اقدامات پر بھی غور کیاگیا جبکہ گندم اور گنے کی امدادی قیمتوں پر نظر ثانی کے حوالے سے تجاویز کابھی جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کاشتکاروں کے حقوق کا تحفظ پہلے بھی کیا ہے آئندہ بھی کریں گے۔انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت نے گندم اورگنے کے کاشتکاروں کو ان کی محنت کا پورا معاوضہ دیاہے اورآئندہ سیزن میں بھی گنے کے کاشتکاروں کو ان کی محنت کا پورا ثمر دیں گے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ شوگرمل مالکان گنے کے کاشتکاروں کو پکی رسیددیں گے،کسی کو کسان کا حق نہیں مارنے دیں گے۔ ایک بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کرپٹ ٹولہ ذاتی مفادات کی خاطر ایک بار پھر اکٹھا ہوا ہے،مارچ کرنے والے عناصر کو عوام عام انتخابات میں ووٹ کی طاقت سے رد کرچکے ہیں۔یہ آزادی نہیں بلکہ ”آہ وزاری مارچ“ ہے۔ انہوں نے کہا کہ باشعور عوام ان عناصر کے واویلے کی حقیقت جان چکے ہیں اور انہوں نے مارچ سے لاتعلق رہ کر عدم استحکام پھیلانے کی کوشش کرنے والوں کو آئینہ دکھا دیا ہے لہٰذا افراتفری کی سیاست کرنے والے پہلے بھی ناکام رہے، اب بھی ناکام رہیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ احتجاجی سیاست کرنے والوں کی پرواہ کئے بغیر عوامی خدمت کا سفر جاری رکھیں گے۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سے وزیراعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تغیرات ملک امین اسلم نے ملاقات کی۔جس میں ماحولیاتی آلودگی اورسموگ پر قابو پانے کیلئے مہم کو مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب گرین ڈویلپمنٹ پروگرام کا آغازکردیاگیاہے اوریہ پروگرام ماحولیاتی آلودگی کے خلاف جاری مہم میں ممد ومعاون ثابت ہوگا۔مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے آج صوبائی کابینہ کا اجلاس طلب کر لیا۔ وزیراعلیٰ آفس منعقدہ اجلاس میں 22 نکاتی ایجنڈے پر غور ہوگا۔
سردار عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -