اسرائیلی حملے ایران کی خودمختاری کی خلاف ورزی ہیں: اسحاق ڈار
اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ اسرائیلی حملے ایران کی خود مختاری کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔
اسلام آباد میں ایرانی ہم منصب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ سید عباس عراقچی کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں، ایرانی وزیر خارجہ سے ملاقات میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بات ہوئی، ملاقات میں 1967سے پہلے کی سرحدوں کیساتھ آزاد اور خود مختار فلسطینی ریاست کے موقف کا اعادہ کیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کی نسل کشی کی جارہی ہے، ہم نے مشرق وسطیٰ میں اسرائیل کی فوجی جارحیت کی مذمت کی، قابض قوتوں کی دہشتگردی کے ذریعے فلسطین پر قبضے کی مذمت کرتے ہیں، سمجھتے ہیں اسرائیلی دہشتگردی کا مقصد قبضے کو طول دینا ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے کہا کہ مہمان نوازی پر حکومت پاکستان کا شکرگزار ہوں، پاکستانی وزیر خارجہ سے ملاقات کے دوران خطے میں امن و امان کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی، اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی کررہا ہے، لبنان پر جارحیت جاری ہے، اسرائیلی رجیم نے ایرانی خود مختاری کی بھی کئی مرتبہ خلاف ورزیاں کیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ فلسطین کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہئے، پاکستان کا مسئلہ فلسطین پر واضح اور مضبوط مو¿قف ہے۔