الیکشن کمیشن نے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کو شو کاز نوٹس جاری کردیا
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر حافظ نعیم الرحمان کو شو کاز نوٹس جاری کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر اور ایڈیشنل کمشنر ضلع وسطی 1 محمد عاصم عباسی کے جاری کردہ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ یو سی 8 الفلاح نارتھ ناظم آباد ضلع وسطی کے چیئرمین حافظ نعیم الرحمان نے 3 نومبر کو یو سی 5 کے سنگھم گراؤنڈ بلاک 9 فیڈرل بی ایریا میں جماعت اسلامی سے منسلک این جی او الخدمت کے آئی ٹی سے متعلق پروگرام بنو قابل میں بحثیت مہمان خصوصی شرکت کی حالانکہ ضمنی بلدیاتی انتخابات کے دوران بڑے جلسے اور تقریبات پر پابندی ہے۔نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ اس طرح وہ ضابطہ اخلاق سے متعلق پیرا 16 بی، 27، 29 ،30 اور پیرا 32 کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں لہٰذا حافظ نعیم الرحمن آج (6 نومبر) کو دوپہر 3 بجے ذاتی حیثیت میں یا وکیل کے ذریعے پیش ہوکر وضاحت پیش کریں۔