پیپلزپارٹی، مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کی رجسٹریشن غیرقانونی قرار دیدی گئی
مظفرآباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)آزاد جموں و کشمیر ہائیکورٹ نے پیپلزپارٹی، مسلم لیگ( ن) اور تحریک انصاف کی رجسٹریشن سے متعلق فیصلہ سنا دیا۔
نجی ٹی وی چینل" دنیا نیوز" کے مطابق آزاد جموں و کشمیر میں 3بڑی جماعتوں کی رجسٹریشن غیرقانونی قراردیدی گئی،ان جماعتوں میں پاکستان پیپلزپارٹی، مسلم لیگ( ن) اور تحریک انصاف شامل ہیں،آزاد جموں و کشمیر ہائیکورٹ کے لارجر بنچ نے فیصلہ سنایا،چیف جسٹس صداقت حسین راجہ کی سربراہی میں لارجر بنچ نے سماعت کی،جسٹس میاں عارف، جسٹس سردار اعجاز اور جسٹس خالد رشید لارجر بنچ میں شامل ہیں۔
بلدیاتی انتخابات میں ڈسپلن کی خلاف ورزی پر نوٹس جاری ہوئے تھے،سیاسی جماعتوں کی طرف سے ڈسپلن کی خلاف ورزی کی گئی تھی،نوٹس کیخلاف امیدواروں نے ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا،آزاد جموں و کشمیر ہائیکورٹ میں سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن بھی چیلنج تھی۔