ثانوی تعلیمی بورڈ کا میٹرک سائنس کے نتائج کا اعلان، 28 سال بعد سرکاری سکول کے طالبعلم کی پہلی پوزیشن
کراچی (ویب ڈیسک) ثانوی تعلیمی بورڈ نے دسویں جماعت سال 2024 کےسائنس گروپ کے امتحانات کے نتائج کا اعلان کردیا۔
جیو نیوز کے مطابق میٹرک بورڈ میں 28 سالوں بعد سرکاری سکول کے طالب علم نے پہلی پوزیشن حاصل کی ہے، میٹرک امتحانات میں آخری مرتبہ پہلی پوزیشن 1996 میں دہلی گورنمنٹ بوائز سکول کے طالب علم امتیاز نے حاصل کی تھی۔سائنس گروپ میں پہلی پوزیشن دہلی گورنمنٹ بوائزسیکنڈری سکول کریم آباد کے حافظ عبدالرافع،دوسری پوزیشن شمسی سوسائٹی کی نجی سکول کی طالبہ رومیسہ عمران اور نارتھ ناظم آباد کے نجی سکول کی طالبہ رخسارعبداللہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
اعلامیے کے مطابق حافظ عبدالرافع 94.55 نمبر لے کر پہلی پوزیشن، رومیسہ عمران 94.27 نمبر لےکر دوسری پوزیشن اور رخسار عبداللہ 93.18 نمبر لےکر تیسری پوزیشن پر رہیں۔اس سال ایک لاکھ 63 ہزار 12 امیدوار رجسٹرڈ ہوئے تھے اور ایک لاکھ 62 ہزار 26 نے امتحانات میں شرکت کی جب کہ ایک لاکھ 31 ہزار 614 امیدوار تمام پرچوں میں کامیاب رہے، امتحانات میں کامیابی کا تناسب 81.23فیصد رہا۔