وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا ساری حدود پار کررہے ہیں: وزیر داخلہ محسن نقوی
اسلام آباد (ویب ڈیسک) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ کے پی ساری حدود عبور کررہے ہیں، وزیر داخلہ نے کہا کہ پی ٹی آئی شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کو سبوتاژ کرنے کی سازش کررہی ہے لیکن ہم اسے ایسا کرنے نہیں دیں گے، اس سب کی ذمہ داری وزیراعلیٰ کے پی پر عائد ہوتی ہے، انہیں سمجھانے کی بہت کوشش کی لیکن وہ سمجھنے کےلیے تیار نہیں، وہ ساری حدود پار کررہے ہیں۔
"ایکسپریس نیوز" کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں پولی کلینک ہسپتال کا دورہ کیا جہاں انہوں نے شرپسندوں کے ہاتھوں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں سے ملاقات کی، انہوں نے زخمی پولیس اہلکاروں کے بلند حوصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ نے شرپسندی کے باوجود تحمل کا مظاہرہ کیا، قانون کی عملداری کے لیے آپ نے فرض شناسی کی اعلیٰ مثال قائم کی، آپ اسلام آباد پولیس کے بہادر سپوت ہیں اور ہمیں آپ پر ناز ہے۔
بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور ساری حدود عبور کررہے ہیں، ان کے قافلے سے پولیس پر فائرنگ کی گئی ہے جس کے نتیجے میں 80 سے 85 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔