پی ٹی آئی نے ہمیشہ ملک دشمن فیصلہ کیا،سعید غنی
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیرِ بلدیات سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ افسوس ہے کہ پی ٹی آئی نے بار بار ثابت کیا کہ اس کے فیصلے ملک دشمن ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور وزیرِ بلدیات سندھ سعید غنی نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہر سیاسی جماعت کو پُرامن احتجاج کا حق ہے لیکن اس وقت پاکستان میں کانفرنس چل رہی ہے، کئی ممالک کے سربراہان آ رہے ہیں، ایسے میں پی ٹی آئی نےاس قسم کے احتجاج کا اعلان کیا۔
ان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نے پہلے دھرنا دیا تھا تو چین کے صدر کا دورہ پاکستان منسوخ کرایا، آئی ایم ایف سے معاہدے کو انہوں نے خراب کرایا، ہماری سیاست اسی وقت ہو سکتی ہے جب پاکستان کے حالات اچھے ہوں گے۔
سعید غنی کا کہنا ہے کہ ملک کی معیشت کی بات ہو تو تمام اختلافات بھلا کر ایک ہونا چاہیے، بانیٔ پی ٹی آئی اپنی سیاست سے دوسرے ممالک کو فائدہ پہنچاتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ کراچی کے انفرااسٹرکچر پر کام شروع ہو چکا ہے، سندھ حکومت نے ڈیڑھ ارب روپے سڑکوں کی مرمت کے لیے دیے ہیں، جبکہ وزیرِ اعلیٰ سندھ ٹاونز کی سڑکوں کے لیے الگ رقم دیں گے، تمام سڑکیں جو بارشوں کے باعث خراب ہوئی ہیں انہیں ٹھیک کیا جائے گا۔
ان کا کہنا ہے کہ ساری سڑکیں ٹھیک ہو جائیں گی، تب بھی سیاسی مخالفین تنقید کریں گے، مسائل ہر حکومت کے دور میں آتے ہیں۔
کراچی کو جدید شہر بنانے کیلئے 3 ارب ڈالرز کی ضرورت ہے: وزیرِ اعلیٰ سندھ
سعید غنی نے یہ بھی کہا کہ کوٹہ سسٹم پر ایم کیو ایم کا اختلاف ہے، اگر ایم کیو ایم کو کوٹہ سسٹم والی بات سمجھ آ گئی تو وہ مخالفت نہیں کرے گی، ایم کیو ایم کے مطابق شہر میں نوکریاں نہیں دی جاتیں، ایم کیو ایم کا الزام ہے کہ پی پی دیہی علاقوں کے لوگوں کو شہر میں لا کر نوکریاں دیتی ہے، جبکہ کوٹہ سسٹم شہریوں کے لیے بہتر ہے، اس سے ہر حکومت پابند ہے کہ کوٹے کے مطابق 40 فیصد شہری علاقوں کے لوگوں کو نوکریاں دے۔