ایپکس کمیٹی کے فیصلے کی روشنی میں کرم کو اسلحہ سے پاک کیا جائے گا: بیرسٹر سیف
پشاور(ڈیلی پاکستان آن لائن ) مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ ایپکس کمیٹی کے فیصلے کی روشنی میں کرم کو اسلحہ سے پاک کیا جائے گا۔
نجی ٹی وی" دنیا نیوز" کے مطابق اپنے ایک بیان میں مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ کرم میں بنکرز کی مسماری بھی یقینی بنائی جائے گی تاکہ خطے میں پائیدار امن ہو، راستوں کی بندش کی وجہ سے عوامی مسائل کا حکومت کو بخوبی ادراک ہے، امن معاہدہ کے بعد معمولات زندگی بحال ہو جائیں گے۔
بنکرز کی مکمل مسماری اور اسلحہ جمع کرانے کے بعد راستوں کو مکمل طور پر کھول دیا جائیگا، حکومت کرم میں پائیدار اور دیرپا امن چاہتی ہے، کچھ عناصر کرم میں دیرپا امن کے دشمن ہیں اور سوشل میڈیا پر بے بنیاد پراپیگنڈا کررہے ہیں۔
بیرسٹر سیف کا مزید کہنا تھا کہ بعض عناصر صوبائی حکومت کی مخلصانہ کوششوں کو غلط رنگ دے رہے ہیں، عوام سے درخواست ہے سوشل میڈیا کے پراپیگنڈے پر کان نہ دھریں۔