حکومت کیساتھ اتحاد صر ف اسمبلیوں میں ایشوز اور قانون سازی پر ہے: پرویز الٰہی

حکومت کیساتھ اتحاد صر ف اسمبلیوں میں ایشوز اور قانون سازی پر ہے: پرویز الٰہی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


  لاہور (آن لائن) مسلم لیگ (ق) کے رہنما اور سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ قومی اور پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ (ق) کا حکومت کے ساتھ اتحاد ایشوز اور قانون سازی کے حوالے سے ہے تاہم اسمبلیوں کے باہر تمام سیاسی جماعتوں کا اپنا اپنا کردار ہے۔ پنجاب اسمبلی میں نئی تعمیر کی جانے والی مسجد کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ آج تمام اراکین پنجاب اسمبلی کے لئے خوشی کا دن ہے اور ہم تمام خوشیوں میں اسمبلی کے اقلیتی اراکین کو بھی شامل کرتے ہیں اور ان سے فیصلوں میں مشورے اور تجاویز لیتے ہیں۔ پنجاب اسمبلی کی زیر تعمیر عمارت پر تین شفٹوں میں تیزی سے کام جاری ہے اور توقع ہے کہ عمارت نومبر کے تیسرے ہفتے میں مکمل کر لی جائے گی اور نومبر کے بعد اسمبلی کا پہلا اجلاس نئی عمارت میں ہو گا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت کی مثال ایشیاء کی عمارتوں میں نہیں ملتی، ایشیاء میں آپ کو ایسی عمارت کہیں نظر نہیں آئے گی جس کی تعمیر میں ہم نے وہی میٹریل استعمال کیا ہے جو انگریز دور میں پنجاب اسمبلی کی تاریخی عمارت کی تعمیر میں کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلافات اچھی بات ہے جسے دور کر کے زیادہ محبت اور کامیابی ملتی ہے، ہماری کوشش ہے کہ ہم سب کو ساتھ لے کر چلیں اور قانون سازی میں اپوزیشن کو اپنا کردار ادا کرنے کا موقع دیں۔پنجاب اسمبلی کی سٹینڈنگ کمیٹیوں کی تشکیل کے حوالے سے کام جاری ہے ہم پنجاب اسمبلی کی زراعت کے حوالے سے ایک بڑی کمیٹی بنا رہے ہیں جو حکومت کو اہم مشورے دے گی اور یہ مشورے پنجاب کی عوام کے مفاد میں ہوں گے۔ قبل ازیں چوہدری پرویز الٰہی نے پنجاب اسمبلی میں تعمیر کی جانے والی مسجد کا افتتاح کیا، تقریب میں اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز، صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت، ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری سمیت دیگر اراکین اسمبلی بھی موجود تھے۔ 
پرویز الٰہی

مزید :

صفحہ آخر -