بجلی کے منصوبوں میں قومی دولت کو بے رحمی سے لوٹا گیا، طاہرالقادری

بجلی کے منصوبوں میں قومی دولت کو بے رحمی سے لوٹا گیا، طاہرالقادری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (آن لائن) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ شدید حبس اور گرمی میں پنجاب اور پاکستان کے عوام 16گھنٹے کی بد ترین لوڈ شیڈنگ میں تڑپ(بقیہ نمبر37صفحہ12پر )

رہے ہیں، سابق حکمرانوں نے پانچ سال اشتہاروں میں جو ہزاروں میگا واٹ بجلی پیدا کی وہ کس’’ سٹور‘‘ میں جمع ہے؟ نکالی جائے تاکہ دن بھر محنت مزدوری کرنیوالے رات کو چند گھڑیاں سکھ کی نیند سو سکیں، اس وقت بلا شیڈول لوڈ شیڈنگ اپنے عروج پر ہے اور غریب خاندانوں کی مائیں، بیٹیاں، بزرگ، بچے ہاتھوں میں پنکھے پکڑ کر گھر کی دہلیز پر بیٹھ کر راتیں گزارنے پر مجبور ہیں،چیف جسٹس اس کا نوٹس لیں اورمجبور اورکم آمدنی والے غریب عوام کی جان لوڈ شیڈنگ کے عذاب سے چھڑوائیں،اس وقت وہی ایک آئینی اعتبار سے طاقتور عہدیدار ہیں جو عام آدمی کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنا پاورفل کردار ادا کرسکتے ہیں، وہ گذشتہ روز اوسلو میں پاکستانی کمیونٹی کی طرف سے دیئے گئے ایک ظہرانے میں گفتگو کر رہے تھے، انہوں نے کہا کہ کرپٹ اشرافیہ اپنے عہد اقتدار میں روشنیاں بانٹنے کی آڑ میں اپنے گھر اور تجوریاں قومی مال سے بھرتی رہی،اگر انہوں نے خلوص نیت کے ساتھ لوڈ شیڈنگ کم کرنے کے لیے کچھ کیا ہوتا تو آج کم آمدنی والے خاندان 16گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ میں نہ تڑپ رہے ہوتے۔انہوں نے کہا کہ شریف برادران نے جتنا پیسہ بجلی منصوبوں کی تشہیری مہم اور اپنی تصویریں چھپوانے پر خرچ کیا اگر وہی پیسہ خلوص نیت کے ساتھ بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں پر خرچ کیا ہوتا تو آج مریضوں،بچوں،بوڑھوں اور خواتین کے لیے ان کے چھوٹے چھوٹے گھر عقوبت خانوں میں تبدیل نہ ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ آج کل وائٹ پیپر جاری کرنے کی باتیں ہو رہی ہیں، وائٹ پیپرجاری کرنے والے ایک وائٹ پیپر سانحہ ماڈل ٹاؤن پر بھی جاری کریں اور بتائیں کہ کس طرح 17جون 2014کے دن میڈیا کے کیمروں کے سامنے 100لوگوں کو گولیاں ماری گئیں، 14کو شہید کیا گیا اور کس طرح خواتین کے دوپٹے اور چادریں نوچی گئیں اور ان کے چہروں پر گولیاں برسا کر انہیں شہید کیا گیا اور پھر انصاف دینے کی بجائے ذاتی نوکروں اور غلاموں پر مشتمل جے آئی ٹیز بنا کر قتل عام کی منصوبہ بندی کرنے والوں نے کلین چٹیں حاصل کر لیں اوروائٹ پیپر میں یہ بھی بتائیں کہ کس طرح انہوں نے شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کو انصاف دینے کی بجائے ان پر دہشتگردی کے جھوٹے مقدمات بنا ئے تاکہ وہ طاقتور قاتلوں کے خلاف حصول انصاف کی آواز نہ اٹھا سکیں۔انہوں نے گلگت بلتستان کے ایریاز میں بچیوں کے سکول جلائے جانے کے غیر انسانی اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ قوم کے بچوں اور بچیوں کو تعلیم سے محروم رکھنے کی دہشتگردانہ حرکت کرنیوالے آئین و قانون کے مجرم ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ صاف پانی،آشیانہ منصوبوں کی کرپشن کی طرح بجلی کے منصوبوں میں بھی قومی دولت کو بے رحمی کے ساتھ لوٹا گیا،ایک اعلیٰ سطحی کمیشن بننا چاہییے جو قوم کے سامنے حقائق رکھے کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ،شارٹ فال ترسیلی نظام میں قباحتوں کی اصل وجوہات کیا ہیں؟ گردشی قرضوں، لائن لاسز اور بجلی چوری کی روک تھام کے حوالے سے سابق حکمرانوں کی کیا کارکردگی رہی؟ اس پر بھی ایک وائٹ پیپر قوم کے سامنے آنا چاہییے ۔
طاہرالقادری