پوری قوم یک زبان ہو چکی، کشمیریوں کیساتھ تھے، ہیں، رہیں گے: عثمان بزدار

      پوری قوم یک زبان ہو چکی، کشمیریوں کیساتھ تھے، ہیں، رہیں گے: عثمان بزدار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 لاہور(جنرل رپورٹر)پنجاب حکومت کی جانب سے یوم یکجہتی کشمیر پر گورنر ہاؤس میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت، معاونین خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، سردار تنویر الیاس، عون چوہدری، چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد، ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب، کمشنر لاہور ڈویڑن،سیکرٹری اطلاعات، متعلقہ حکام اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی اعلیٰ شخصیات نے تقریب میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار، گورنر چوہدری سرور سمیت دیگر شخصیات نے بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر تقریب میں شرکت کی۔ تقریب کے آغاز پر پاکستان اور کشمیر کے ترانے بجائے گئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے یوم یکجہتی کشمیر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا آج پوری قوم یک زبان اور یکجا ہو کر یوم یکجہتی کشمیر منا رہی ہے۔ دنیا کو یہ پیغام دیا گیا ہے پاکستان پہلے بھی کشمیریوں کیساتھ تھا، ساتھ ہے اور ساتھ رہے گا۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کے مظالم کی دنیا بھر میں مذمت کی جا رہی ہے۔ یورپ کے مختلف پارلیمنٹیرین اور غیر جانبدار عالمی ادارے بھی بھارتی جارحیت پر آواز اٹھا رہے ہیں۔ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔بھارت کو رسوائی کا سامنا ہوگا اور اللہ تعالیٰ کشمیریوں کو سرخرو کریں گے۔علاوہ ازیں عثمان بزدارسے گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ بیرسٹرخالدخو رشیدنے ملاقات کی جس میں بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ اور دو طرفہ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر پنجاب حکومت اور گلگت بلتستان حکومت کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی تقریب ہوئی۔ پنجاب حکومت کی جانب سے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے چیئرمین اظفر منظور اور گلگت بلتستان حکومت کی جانب سے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کے سیکرٹری عثمان احمد نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے۔ معاہدے کے تحت پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ گلگت بلتستان حکومت کو انفارمیشن ٹیکنالوجی سسٹم ڈویلپ کرنے میں معاونت فراہم کرے گا۔ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ کا کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم اور ویب پورٹل کی تیاری میں تعاون کرے گا۔ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ کے لئے ٹاسک مینجمنٹ سسٹم بھی تیار کرے گا۔ عثمان بزدار نے گلگت بلتستان حکومت کو مکمل تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے ہیلتھ کیئر سسٹم، تعلیم، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں پہلے سے بڑھ کر تعاون کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے گلگت بلتستان کے پیرامیڈیکل سٹاف اور نرسوں کو پنجاب کے نرسنگ کالجوں میں تربیت فراہم کرنے کا اعلان کیا۔ بیرسٹر خالد خورشید نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو گلگت بلتستان کی روایتی ٹوپی ”شانٹی“ پہنائی اور گلگت بلتستان کے دورے اور پولو میچ دیکھنے کی  دعوت دی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے دورے کی دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ میں انشاء اللہ جلد گلگت بلتستان کا دورہ کروں گا۔بیرسٹر خالد خورشید نے کہا کہ بھارت کی شرانگیزیاں پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکی ہیں۔ مودی سرکار اندرونی خلفشار کا شکار ہے۔ پاکستانی قوم نے ہمیشہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کا ساتھ دیا ہے اور وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پوری قوم کشمیر کاز کیلئے متحد ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان بیرسٹر خالد خورشید کو زیتون کی بنی قبائلی علاقے کی روایتی چھڑی کا تحفہ دیا۔دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ُبہاولپور اورمیاں چنوں میں ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پردکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے حادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے انتظامیہ سے افسوسناک حادثے کے بارے میں رپورٹ طلب کر لی ہے۔
عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -