”اللہ کرے ڈیوک بال آپ کی مانتی رہے“ نسیم شاہ کے بیان پر محمد عباس کا دلچسپ جواب

”اللہ کرے ڈیوک بال آپ کی مانتی رہے“ نسیم شاہ کے بیان پر محمد عباس کا دلچسپ ...
”اللہ کرے ڈیوک بال آپ کی مانتی رہے“ نسیم شاہ کے بیان پر محمد عباس کا دلچسپ جواب

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باﺅلر محمد عباس نے نسیم شاہ کے بیان پر دلچسپ جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ”اللہ کرے ڈیوک بال آپ کی مانتی رہے۔“

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم ووسٹر میں پہلا دو روزہ انٹرا سکواڈ میچ کھیل رہی ہے اور آج میچ کا دوسرا روز ہے، ووسٹر میں پاکستان نے 4 روز ٹریننگ سیشنز کئے اور اس کے بعد اب پریکٹس میچ کھیلا جا رہا ہے۔ فاسٹ باﺅلرز محمد عباس اور نسیم شاہ نے انگلینڈ میں کنڈیشنز اور کووڈ 19 کی وجہ سے احتیاطی تدابیر کی وجہ سے پیش آنے والی مشکلات کے حوالے سے آپس میں گفتگو کی جس دوران دلچسپ مکالمہ بھی ہوا۔

محمد عباس سے گفتگو کرتے ہوئے نسیم شاہ نے کہا کہ 3 ماہ بعد پریکٹس میچ ملا ہے، بہت اچھا لگ رہا ہے، کرکٹ کی سرگرمیاں شروع ہوئی ہیں، انگلینڈ میں موسم بھی اچھا ہے۔ یہاں ڈیوک بال استعمال ہورہی ہے جس سے سوئنگ بھی ملی، آہستہ آہستہ کنڈیشنز کے مطابق کھیلنے کی پریکٹس ہو رہی ہے، کوکابورا اور ڈیوک بال میں فرق ہے، ڈیوک بال کو جو کہتے ہیں وہ مان لیتی ہے، یہ گیند دوستی رکھتی ہے جبکہ کوکابورا گیند جلد شائن نہیں ہوتی اور خراب جلد ہو جاتی ہے ، زیادہ سوئنگ اور سیم بھی نہیں ہوتی۔

نسیم شاہ کی باتیں سننے کے بعد محمد عباس نے کہا کہ اللہ کرے ڈیوک گیند آپ کی بات مانتی رہے ، اور آپ سے دوستی رکھے ، یہ بال جب تنگ کرنے پر آئے تو بہت تنگ کرتی ہے۔ نسیم شاہ نے کہا کہ پریکٹس میچ کے دوران سیکھنے کا موقع مل رہا ہے کہ کیسے نئی پلیئنگ کنڈیشنز میں کھیلنا ہے، سوئیٹر، کیپ اور گلاسز امپائرز کو نہ پکڑانے کی پریکٹس کر رہے ہیں کیونکہ کووڈ 19 کی وجہ سے اب خود ہی باؤنڈر ی پر یہ سب رکھ کر آنا پڑتا ہے۔

مزید :

کھیل -