کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کی احساس سکالر شپ ایوارڈ تقریب

کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کی احساس سکالر شپ ایوارڈ تقریب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(سٹی رپورٹر) وزیراعظم پاکستان کے ویژن کے مطابق کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے زیر اہتمام احساس سکالرشپ ایوارڈ کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر خالد مسعود گوندل تھے۔ اس موقع پر چیئرمین انسی ٹیوشنل سکالرشپ ایوارڈ کمیٹی پروفیسر رانا دل آویز ندیم، ڈین پروفیسر ثاقب سعید، رجسٹرار کے ای ایم یو ڈاکٹر ریاست علی، پروفیسر اصغر نقی، پروفیسر بلقیس شبیر، پروفیسر سائرہ افضل، پروفیسر علی مدیح ہاشمی، شہزاد مغل، اشعر حسین، نمائندہ ایچ ای سی احساس پروگرام محمد زبیر ملک،  فضل الہی بلال، راشد جاوید اور طلبا و طالبات موجود تھے۔شرکا سے خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر خالد مسعود گوندل کا کہنا تھا کہ ایچ ای سی احساس سکالرشپ پروگرام کے لئے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے ایم بی بی ایس کے علاوہ ڈی پی ٹی اورالائیڈ ہیلتھ سائنسز کے 103 طلبا و طالبات نے درخواستیں دیں جن میں سے میرٹ پر آنے والے 57 انڈر گریجویٹ طلبا کا انتخاب کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان وظائف میں طلبا کی مکمل ٹیوشن فیس اور دیگر اخراجات پورے ہوں سکیں گے۔کوئی بھی ایسا طالبعلم جو مستحق ہو ادارہ اس کی تعلیمی اخراجات میں معاونت کرے گا۔ سکالرشپ کا مقصد معاونت کے ساتھ ساتھ طلبا کی تعلیمی میدان میں محنت اور قابلیت پر حوصلہ افزائی بھی ہے تاکہ طلبا اخراجات کے فکر کو چھوڑ کر اپنی تعلیم پر توجہ دے سکیں۔اس موقع پر سکالرشپ حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کے نمائندوں نے وزیراعظم پاکستان اور ایچ ای سی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میرٹ پر سکالرشپ ملنے سے بھرپور حوصلہ افزائی ہوئی۔ گاوں سے تعلق رکھنے والے مستحق طلبا کی مدد کا یہ مثالی طریقہ پہلی مرتبہ اپنایا گیا جس پر ہم سب مشکور ہیں۔