ملک اسوقت سفارتی و معاشی بحران کا شکار،سب کو مل کر کام کرنا ہوگا:احسن اقبال

ملک اسوقت سفارتی و معاشی بحران کا شکار،سب کو مل کر کام کرنا ہوگا:احسن اقبال

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


       جدہ،اسلام آباد (محمد اکرم اسد، نیوز ایجنسیاں) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملک اسوقت سفارتی و معاشی بحران کا شکار ہے جس کے حل کے لئے سب کو مل کر کام کرنا ہو گا، وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ پچھلے پونے چارسالوں میں گزشتہ حکومت نے بیس ہزار ارب قرضہ لیا مگر ایک ڈالر کا نیا پراجیکٹ بھی ملک میں نہیں لگایا گیا جبکہ سی پیک پر بھی کام نہ ہونے کے برابر ہوا بلکہ حکومتی وزیروں نے الٹے سیدھے بیان دیکر قابل اعتماد دوست چین کو ناراض کیا جسکی وجہ سے نئی چینی سرمایہ کاری نہ آسکی یہ بات پاکستان قونصلیٹ میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہی احسن اقبال نے کہا کہ گزشتہ چار سال میں پاکستان کے بیرون ملک تمام دوست ممالک کو ناراض کیا گیا۔ یورپین یونین کو دھمکیاں دی گئیں امریکہ بھی ہماری معیشت کا حصہ ہے اس پر الزام لگادیا کہ اس نے حکومت ہٹانے کی سازش کی ہے اسطرح حکومت کیسے چل سکتی ہے دنیا میں تنہا رہ کر حکومت کسطرح کام کرسکتی ہے۔احسن اقبال نے کہا کہ بدقسمتی سے ملک گزشتہ چار سال انارکی کا شکار رہا ہے اور عوام میں ایک دوسرے کے خلاف نفرتیں پیدا کی گئیں احسن اقبال نے کہا ایک جماعت نے ملک کے اداروں کو بدنام کرنے کا ٹھیکہ اٹھائے ہوئے ہے عدالتوں کا کام آئین کی پاسداری ہے اگر ہم اسکا احترام نہیں کرینگے تو عدالت کا فرض ہے کہ آئین کی حفاظت کرے، اگر رات بارہ بجے عدالت نہ کھلتی تو پھر عدالت کٹہرے میں کھڑی ہوتی کہ آئین پر حملہ ہوا آپ نے کیوں اقدام نہیں کیا۔احسن اقبال نے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہماری حکومت سمندر پار پاکستانیوں کے ووٹ کے حق میں ہے مگر دنیا میں کہیں بھی بزریعہ کمپویٹر کامیاب نہیں سب سے بہتر بیلٹ کا طریقہ ہے۔ انتخابی اصلاحات پر کام کررہے ہیں سمندر پار پاکستانیوں کے ووٹ کے مسئلے کا بھی حل نکالینگے۔مدینہ المنورہ مین حالیہ واقع کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس شرمناک واقع کے بعد سعودی عرب میں موجود دیگر ممالک کے لوگ ہمیں لعنت ملامت کررہے ہیں۔قونصل جنرل خالد مجید نے ابتداء  میں وزیر منصوبہ بندی کو قونصلیٹ میں خوش آمدید کہا۔ دریں اثناء وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران نیازی اپنی سیاست بچانے کے لئے پوری قوم کو امریکہ کا غلام ثابت کر رہے ہیں۔ اپنے بیان میں احسن اقبال نے کہاکہ پاکستانی قوم خوددار اور باوقار قوم ہے،28 مئی 1998 کے بعد کوئی پاکستان کو ڈکٹیشن نہیں دے سکتا۔انہوں نے کہاکہ عمران خان ذہنی پستی میں جا رہے ہیں پاکستان غلامی میں نہیں جا رہا ہے،مظبوط معیشت ہی مظبوط اور آذاد پاکستان کی ضمانت ہے۔ عمران نیازی بتائیں کیا 2018 میں امریکہ انہیں دھاندلی سے اقتدار میں لایا تھا؟۔احسن اقبال نے کہاکہ دھاندلی کی حکومت کو جمہوری قوتوں نے آئینی طریقہ سے نکالا۔ عمران نیازی دنیا میں پاکستان کو تنہا کر کے دشمنوں کے ایجنڈے کو پورا کر رہے ہیں،اگر سازش کے کرداروں کا پتہ ہے تو قوم کے سامنے رکھیں ڈرامہ نہ کریں 

احسن اقبال