پی ٹی آئی جلسہ،کے پی سے بلڈوزر،کرین، شیلنگ سے بچائو کا سامان لے جانے کا فیصلہ
پشاور (آئی این پی ) تحریک انصاف کی خیبر پختون خوا حکومت نے اتوار کو اسلام آباد میں جلسے کے ہر صورت انعقاد کیلئے پلان اے، بی اور سی تیار کرلیا۔
پی ٹی آئی رہنماوں کا فیصلہ ہے کہ جلسہ اس بار کسی کی ہدایت پرمنسوخ یا ملتوی نہیں کیا جائے گا۔ ایمبولینسز،بلڈوزر،کرین اور تمام ضروری مشینری صوابی پہنچانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ہر رکن قومی و صوبائی اسمبلی کو ایک ہزار سے 2 ہزار کارکنان نکالنے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔
تمام ارکان اسمبلی کو پلان پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ جلسے کو ہر صورت کامیاب بنایا جائے گا جس کیلئے ارکان اسمبلی کو اپنی ذمہ داری نبھانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
وزیر اعلی خیبر پختونخوا جلسے کو کامیاب بنا نے کے لیے تمام تر انتظامات خود دیکھ رہے ہیں۔ کارکنوں کو آنسو گیس اور شیلنگ سے بچنے کیلئے پانی، کپڑا ، نمک کے ساتھ دیگر ضروری سامان ساتھ رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔