اگلے تین سے چار مہینے تو عمران خان پکے جیل میں رہیں گے:علیمہ خان
راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کا کہنا ہے کہ اگلے تین سے چار مہینے تو بانی پی ٹی آئی پکے جیل میں رہیں گے، اگر دو مطالبات مانتے ہیں تو اتوار سے زرمبادلہ نہ بھیجنے کی کال واپس لے لیں گے۔
نجی ٹی وی آج نیوز کے مطابق علیمہ خان نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب یہاں سے سزا ہوتی ہے تو ہائی کورٹ سے ریلیف مل جاتا ہے، القادر ٹرسٹ کا کیس ہائی کورٹ جائے گا جس میں چھ مہینے لگ سکتے ہیں، اگلے تین سے چار مہینے تو بانی پی ٹی آئی پکے جیل میں رہیں گے۔
علیمہ خان نے کہا کہ جو 26 نومبر کو احتجاج میں گرفتار ہوئے ان پر مزید مقدمات بنائے جارہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے دو مطالبات ہیں لیکن حکومت کی نیت نہیں کہ لوگوں کو رہا کیا جائے، 9 مئی اور 26 نومبر پر جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ اگر دو مطالبات مانتے ہیں تو اتوار سے زر مبادلہ نہ بھیجنے کی کال واپس لے لیں گے، اگر مطالبات نہیں مانتے تو ہم اوورسیز کو کہیں گے زرمبادلہ نہ بھیجیں۔
پی ٹی آئی رہنماءشعیب شاہین نے بھی اڈیالہ جیل کے باہر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم نے توشہ خانہ کیس میں عدالت کو کہا ہے کہ پہلے دیگر کیسز سنیں، آصف زرداری اور نواز شریف کے خلاف مقدمات کو نہیں سن رہے لیکن بانی پی ٹی آئی کے خلاف مقدمات فاسٹ ٹریک پر چل رہے ہیں۔
شعیب شاہین نے کہا کہ نواز شریف نے بلٹ پروف گاڑی چھ لاکھ میں لی ہے لیکن ایف آئی اے اور نیب بھی خاموش ہے، بانی پی ٹی آئی کا کیس سیاسی انتقام کے علاوہ کچھ نہیں، القادر ٹرسٹ میں کوئی نقصان نہیں ہوا، پاکستان کو 190 ملین پاونڈ ملے اور بانی پی ٹی آئی کو ملزم بنا دیا گیا، حسن نواز نے پراپرٹی ٹائیکون کو 9 ارب کی پراپرٹی 18 ارب روپے میں بیچی لیکن 9 ارب روپے رشوت دینے پر کوئی کیس نہ بنا کوئی رپورٹ سامنے آئی۔
شعیب شاہین نے کہا کہ وہ جج جو بانی پی ٹی آئی کے خلاف فیصلے کرتے ہیں ان کو نوازا جاتا ہے، 26 نومبر کو قتل عام ہوتا ہے اور ریاست پاکستان آج تک خاموش ہے۔
شعیب شاہین کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کہا ہے کہ جو مسنگ پرسنز مل چکے ہیں ان کو سامنے لائیں، سنائپر کے ذریعے گولیاں ماری گئی ہیں، ملزمان کو رہا کریں اور جوڈیشل کمیشن تشکیل دیں۔
شعیب شاہین نے کہا کہ اگر حکومت نے سنجیدگی دکھائی تو سول نافرمانی کی کال واپس لے لیں گے، اگر اتوار تک ہماری بات نہ مانی گئی تو اوورسیز اتوار سے پیسے نہیں بھیجیں گے۔
شعیب شاہین کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے خود کو فواد چودھری سے لاتعلق کیا ہے، جو بھگوڑے ہوگئے ان کا پی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔