فرنیچرکونسل کے چین اور دیگر ممالک سے سٹالز کھولنے کیلئے مفاہمتی یادداشتیں

فرنیچرکونسل کے چین اور دیگر ممالک سے سٹالز کھولنے کیلئے مفاہمتی یادداشتیں

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (آن لائن) پاکستان فرنیچر کونسل نے چینی کمپنیوں کے ساتھ فرنیچر کے شعبہ، جدید ٹیکنالوجی اور مشینوں کی منتقلی اور چین اور دیگر ممالک کے ساتھ عالمی معیار کے روایتی فرنیچر سٹالز کھولنے کیلئے مشاورت کے سلسلہ میں مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کردیئے۔ شنگھائی سے وصول ایک پیغام مین کونسل کے چیف ایگزیکٹو میاں کاشف اشفاق نے مفاہمت کی یادداشتوں کے اہم نکات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد کم لاگت کے ساتھ شاندار فرنیچر کی تیاری کے ساتھ بین الاقوامی مارکیٹ میں مسابقت کرنا اور دونوں ممالک کی تاجر برادری کے درمیان تجارتی روابط بہتر بنانا ہے۔ انہوں نے کہاکہ چین نے ملکی فرنیچر سازوں کے ساتھ تجارتی روابط میں اضافہ کرنے اور دونوں ممالک میں مشترکہ منصوبے شروع کرنے اور پاکستان کے ساتھ ٹیکنالوجی کی شراکت کیلئے اپنی دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ میاں کاشف اشفاق نے کہاکہ پاکستان فرنیچر کونسل چین کے فرنیچر سازوں کے تعاون سے پاکستان میں ایک تربیتی ورکشاپ کا اہتمام کرے گی جس کا مقصد معیاری فرنیچر کی تیاری کیلئے صلاحیت ؂میں اضافہ کرنا ہے۔


انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان فرنیچر کونسل چین، ترکی اور اٹلی کی مدد سے مشترکہ ڈسپلے سینٹرز اور ماڈل یونٹوں کے قیام کیلئے ایک منصوبہ پر کام کر رہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ چھوٹی صنعتیں ملک کے دیہی علاقوں میں روزگار کا بڑا ذریعہ ہیں اور ہمیں اپنے کارکنوں کو روزگار کے مزید مواقع فراہم کرنے کے ساتھ انہیں بہتر گذار بسر فراہم کرنے کیلئے سکل اور کرافٹ کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ فرنیچر انڈسٹری ملکی مارکیٹ پر زیادہ توجہ دے رہی ہے اور صارفین کی بڑھتی ہوئی تعداد، مکانات اور تعمیرات میں اضافہ کے ساتھ یہ شعبہ تیزی سے ترقی کررہا ہے۔ علاوہ ازیں حالیہ برسوں میں بیرون ملک سے پاکستانیوں کی جانب سے ترسیل زر میں بھی بڑا اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اپنے روایتی اور بہترین فرنیچر کی بدولت بھاری زرمبادلہ کما سکتا ہے۔ اس موقع پر مختلف چینی کمپنیوں کے نمائندوں نے کہاکہ پاکستان 35 ارب ڈالر تک اپنی برآمدات بڑھا سکتا ہے جس کیلئے سنجیدہ کوششوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات نہ صرف باہمی طور پر مفید ہیں بلکہ اس سے پورے خطہ میں مثبت تاثر جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی تاجروں کیلئے ویزہ کی سہولت بہتر بنائی جا رہی ہے اور تاجر برادری کو چین میں تجارتی نمائشوں اور سیمیناروں میں حصہ لینا چاہئے#/s#
*****

مزید :

کامرس -