مسلم لیگ فنکشنل نےدریائے سندھ بچاؤ تحریک کا اعلان کر دیا ، کارکنوں کو احتجاج کے حوالے سے اہم ہدایات جاری
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان مسلم لیگ فنکشنل نےدریائے سندھ بچاؤ تحریک کا اعلان کر دیا ، اور کارکنوں کو احتجاج کے حوالے سے اہم ہدایات بھی جاری کر دی ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے سیکریٹری جنرل اور جی ڈی اے کے سیکریٹری اطلاعات سردار عبدالرحیم نے فنکشنل لیگ کراچی سمیت سندھ کے تمام اضلاع اور تعلقہ کے عہدیداران کو ہدایت کی ہے کہ 17 نومبر کو دریائے سندھ بچاؤ تحریک کی جانب سے اعلان کردہ احتجاج کے سلسلے میں اپنی تیاریاں شروع کردیں ، احتجاج کو کامیاب بنانے کے لیے فنکشنل لیگ کے ضلعی اور تحصیل کے ذمہ دار اور کارکنان گھر گھر جاکر عوام کو دریائے سندھ کو بچانے کے لیے آگاہی دیں اور انہیں 17 نومبر کو ہونے والے احتجاج میں بھرپور شرکت کرنے کی دعوت دیں۔
"جنگ " کے مطابق سردار عبدالرحیم نے کہا کہ دریائے سندھ کی زندگی اور خوشحالی کی شہ رگ ہے جس پر صدر آصف علی زرداری اور وفاقی حکومت ارسا قوانین میں غیر آئینی ترامیم کرکے قبضہ کرنا چاہتی ہے اور 6 غیر قانونی کینال نکالنا چاہتی ہے ۔