ہنی سنگھ نے پاکستانی گلوکار کو کریڈٹ دیکر سرائیکی گانا گایا
ممبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن )بالی وڈ میں پاکستانی گانوں کو ہمیشہ ہی پسند کیا جاتا ہے اور انہیں چرایا بھی جاتا ہے جس کا پاکستانی گلوکاروں کو کوئی کریڈٹ بھی نہیں دیا جاتا۔
تاہم حال ہی میں بھارتی گلوکار و ریپر ہنی سنگھ کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں انہیں پاکستان کی سرائیکی زبان کا مشہور گانا 'بسم اللہ کراں' گاتے ہوئے دیکھا گیا۔
اس دوران سب سے توجہ طلب بات یہ تھی کہ گلوکار نے حاضرین کو اس گانے کے اصل گلوکار 'ندیم عباس' کے حوالے سے بتایا اور پاکستانی گلوکار کو کریڈٹ دیتے ہوئے 'بسم اللہ کراں' گانا گا کر حاضرین کی داد وصول کی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس ویڈیو میں گلوکار ہنی سنگھ کا ندیم عباس کو کریڈٹ دینا مداحوں کو پسند آیا جس کی مداحوں نے تعریف بھی کی۔
واضح رہے ندیم عباس لونے والا نے 'ندیم عباس لونے والا کے اداس گانے' کے نام سے اپنی البم بنائی تھی اور 'بسم اللہ کراں' گانا بھی اسی البم میں شامل تھا جو 2015 میں ریلیز ہوا۔