محسن نقوی کی وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی گمشدگی بارے لا علمی ڈرامہ بازی کے سوا کچھ نہیں،بیرسٹر سیف

محسن نقوی کی وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی گمشدگی بارے لا علمی ڈرامہ بازی کے ...
محسن نقوی کی وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی گمشدگی بارے لا علمی ڈرامہ بازی کے سوا کچھ نہیں،بیرسٹر سیف

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور(ڈیلی پاکستان آن لائن)خیبرپختونخوا حکومت کے ترجمان بیرسٹر سیف نے وزیر داخلہ محسن نقوی اور گورنر کے پی  کی پریس کانفرنس پر ردعمل  دیتے ہوئے کہاکہ محسن نقوی اور فیصل کریم کنڈی نے میڈیا کے سامنے کمال کی اداکاری کی،گورنر فیصل کریم کنڈی  پرائے کی شادی میں عبداللہ دیوانے بنے ہوئے ہیں۔

بیرسٹر سیف کاکہناتھا کہ ملک کے وزیر داخلہ ہونے کے ناطے محسن نقوی کی وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی گمشدگی بارے لا علمی ڈرامہ بازی کے سوا کچھ نہیں، وزیراعلیٰ کی جبری گمشدگی کا براہ راست ذمہ دار وزیر داخلہ محسن نقوی ہے، کے پی ہاؤس میں توڑ پھوڑ واضح ثبوت ہے کہ وزیراعلیٰ کو زبردستی حراست میں لیا گیا ہے۔

ترجمان خیبرپختونخوا حکومت نے کہاکہ کے پی ہاؤس میں بھاری اکثریت سے منتخب وزیراعلیٰ پر حملہ فیڈریشن پر حملہ ہے، کے پی ہاؤس میں کی گئی تھوڑ پھوڑ کی مرمت نہیں کی جائیگی بلکہ تاریخ کے طالب علموں کے لئے محفوظ کیا جائیگا،ٹوٹی پھوٹی کھڑکیاں اور دروازے جمہوریت اور فیڈریشن کے منہ پر طمانچہ ہے۔

ان کاکہناتھا کہ جعلی حکومت کی یہ مذموم حرکت جمہوریت اور فیڈریشن پر سیاہ دھبے کے طور پر تاریخ میں یاد رکھا جائیگا،وزیر اعلیٰ کی جبری گمشدگی سے شنگھائی تعاون تنظیم کے غیر ملکی مہمانوں کو کیا پیغام ملیں گا؟ غیر ملکی مہمان کیا سوچیں گے کہ پاکستان میں کیسا جمہوریت ہے، شنگھائی تعاون تنظیم کو پی ٹی آئی احتجاج سے جوڑنے والے اپنے اوچھے ہتھکنڈوں پر غیر ملکی مہمانوں کو کیا جواب دیں گے۔

بیرسٹر سیف نے کہاکہ جعلی وفاقی حکومت کے اوچھے ہتھکنڈوں بارے  آج خیبر پختون خوا اسمبلی کا اجلاس بھی بلایا گیا ہے، صوبائی حکومت ایڈووکیٹ جنرل کے توسط سے عدالتی کاروائی کے لئے بھی اقدامات کررہی ہے، اجلاس میں وزیراعلیٰ کی جبری گمشدگی اور کے پی ہاؤس توڑ پھوڑ بارے بحث کی جائیگی۔

ان کاکہناتھا کہ منتخب وزیراعلیٰ کی جبری گمشدگی پختون خوا کے لوگوں کی مینڈیٹ کی توہین ہے، اسمبلی اجلاس میں وزیراعلیٰ کی جبری گمشدگی اور جعلی حکومت کے غیر جمہوری اور فسطائیت کے خلاف لائحہ عمل مرتب کیا جائیگا۔