تاجر دوست سکیم پر ایف بی آر اور تاجر برادری کے مابین ڈیڈ لاک برقرار
اسلام آباد(این این آئی)عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف)کی شرائط پر متعارف کرائی گئی تاجر دوست سکیم پر وفاقی ریونیو بورڈ (ایف بی آر)اور تاجروں کے درمیان مذاکرات کا ایک اور دور بے نتیجہ ختم ہوگیا۔میڈیارپورٹ کے مطابق تاجر دوست سکیم پر ایف بی آر اور تاجروں کے درمیان ڈیڈلاک برقرار ہے۔ ذرائع کے مطابق تاجروں اور ایف بی آر کے درمیان مذاکرات کا ایک اور دور بے نتیجہ رہا، دونوں فریقین اپنے اپنے موقف سے پیچھے ہٹنے کیلئے تیار نہیں ہیں تاہم تاجروں اور ایف بی آر کے درمیان آنیوالے دنوں میں مذاکرات جاری رہیں گے۔صدر آل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ نے کہا ان کا مو قف یہی رہا ہے ویلویشن ٹیبل کے قانون کو ختم کرنا ہوگا، کیونکہ ویلویشن ٹیبل ٹیکس کو تاجر ماننے کیلئے بالکل بھی تیار نہیں ہیں۔ویلویشن ٹیبل ٹیکس سے کرپشن کی نئی راہ کھلے گی، ہم نے ایف بی آر کو تجویز دی ہے کہ اگر ٹیکس اکٹھا کرنا ہے تو فکسڈ ٹیکس کی طرف جانا ہوگا۔ اس ملک میں فکسڈ ٹیکس کا نظام ہی سب سے بہتر ثابت ہوگا، فکسڈ ٹیکس سے جعلی نوٹسز اور بلیک میلنگ سے نجات ملے گی اور فکسڈ ٹیکس سے کرپشن کی راہ بھی بند ہو جائیگی۔اجمل بلوچ نے کہا اشیائے خورونوش پر بھی ودہولڈنگ ٹیکس ختم کیا جائے اور ایک صفحے کا اردو گوشوارہ فارم ہو تاکہ تاجر باآسانی فائلر بن جائے۔
ڈیڈلاک برقرار