کراچی ،سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی سلور جوبلی منائی گئی

کراچی ،سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی سلور جوبلی منائی گئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن (SEF)، حکومت سندھ ،کی سلورجوبلی منائی گئی جس کا عنوان "Hope on; Journey on" تھا۔ یہ عنوان گزشتہ 25 برسوں پر محیط فاؤنڈیشن کے سفر کو ظاہر کرتا تھا۔ اس پروگرام میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے شرکت کی جن میں صوبائی اور قومی اسمبلیوں کے اراکین ، اعلیٰ سرکاری افسران، ماہرین تعلیم اور عطیات دینے والے ادارے شامل تھے۔ سندھ کے وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ سندھ کے وزیر تعلیم و خواندگی جام مہتاب ڈاہر نے میزبانی کے فرائض انجام دئیے۔تقریب کا آغاز قومی ترانے سے ہواجسے طلبہ کی ایک جماعت نے پیش کیا، جس کے بعد سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی منیجنگ ڈائریکٹر، محترمہ ناہید شاہ درانی نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے حکومت سندھ کے ویژن کے تحت تعلیم کے معیار کو مضبوط بنانے کے عزم کو دوہرایا۔اس کے علاوہ ایک دستاویزی فلم کے ذریعے فاؤنڈیشن کے سفر کو بھی پیش کیا گیا۔ سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے پارٹنرزنے اگلے سیشن میں اپنے سفر بالخصوص معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے گزشتہ کئی سالوں میں کی جانے والی کوششوں کے بارے میں بات چیت کی ۔ فاؤنڈیشن کی جدوجہد کے ابتدائی، وسطی اور موجودہ دور کو تین مختلف پارٹنرز نے حاضرین کے سامنے پیش کیا۔پارٹنرز سے گفتگو کے بعد اینڈرائیڈ پر کام کرنے والے فاؤنڈیشن کے ای لرننگ سافٹ و ئیر INSTAL(Introducing Smart Teaching & Learning ) کی شاندار تعارفی تقریب منعقد ہوئی جس میں سافٹ ویئر کا افتتاح وزیر اعلیٰ نے کیا۔ INSTALکے ذریعے فاؤنڈیشن کی اعانت سے چلنے والے 700اسکولوں میں 21,000 ٹیبلیٹ کمپیوٹرز (30ٹیبلیٹ فی اسکول )فراہم کیے جائیں گے جن پریہ سافٹ ویئر کام کرے گا۔اس موقع پر فاؤنڈیشن کے لیے 22سال تک خدمات فراہم کرنے والی فاؤنڈیشن کی بانی پروفیسر انیتا غلام علی کی سوانح عمری پر کتاب کی رونمائی بھی ہوئی ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سندھ کے وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے صوبے میں نجی شعبہ کی پائیدار شراکت کے ذریعے کم مراعات یافتہ طبقوں میں معیاری تعلیم کے مقصد کو فروغ دینے کے لیے سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے کردار کو سراہا۔مزید برآں، انہوں نے توقع ظاہر کی کہ آنے والے دنوں میں فاؤنڈیشن ابتدائی تعلیم کے بعد کے عرصہ میں زبردست کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ آئندہ چندبرسوں میں فاؤنڈیشن ابتدائی تعلیم کے بعد معیار ی تعلیم کی فراہمی کے لیے صوبہ میں بالخصوس دور دراز علاقوں میں 1000اسکول قائم کرے گی ۔انہوں نے صوبے بھر میں تمام رکاوٹوں کو دور کرکے تعلیم کے حق تک رسائی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے اپنی حکومت کے عزم کو دوہرایا۔سندھ کے وزیر تعلیم و خواندگی، جام مہتاب ڈاہر نے فاؤنڈیشن کے 25سال مکمل ہونے پر مبارکباد پیش کی اور اس کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں کہا کہ فاؤنڈیشن کی صلاحیتوں پر بھروسہ کرتے ہوئے حکومت ٹھٹھہ، بدین، جام شورو، سجاول اور دادو میں بند اسکولوں کو فاؤنڈیشن کے حوالے کر رہی ہے تاکہ وہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپس کے ذریعے ان اسکولوں کو فعال بنا سکے۔