ناران کاغان جانے والے9 افراد پکنک سے واپسی پر گاڑیوں سمیت لاپتہ، ایک نوجوان کی ماں صدمہ نہ سہہ سکی، چل بسی
سرگودھا (ویب ڈیسک) ناران کاغان جانے والے سرگودھا کے گاؤں کے نو افراد پکنک سے واپسی پر دو گاڑیوں سمیت لاپتہ ہوگئے جن کا تاحال کوئی سراغ نہیں مل سکا ہے جبکہ لاپتہ افراد میں ایک نوجوان کی ماں صدمہ نہ سہہ سکی اور دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہو گئی ۔
تفصیلات کے مطابق چک 75 جنوبی سے ایک ہی خاندان کے 9 نوجوان دو گاڑیوں میں 22 جون کو ناران کاغان کی سیر کو گئے تھے اور پھر لاپتہ ہوگئے۔اطلاعات کے مطابق تمام افراد کے موبائک فونز بھی بند ہیں ۔ اہلخانہ کا کہنا ہے کہ ان کے اے ٹی ایم سے سرگودھا اور فیصل آباد سے رقم بھی نکلوائی گئی ہے۔
دوسری جانب گمشدہ افراد میں ایک نوجوان کی والدہ دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہوگئی، لواحقین نے لاش سڑک پر رکھ کر لا پتہ افراد کی بازیابی کے لئے احتجاج کیا جس کے سبب سرگودھا کوٹ مومن روڈ ٹریفک کے لئے بند ہوگیا۔پولیس کی بھاری نفری نےموقع پر پہنچ کر مظاہرین کو انصاف کی یقین دہانی کرائی ، تاہم واقعہ کی کوئی رپورٹ بھی درج نہیں ہوسکی ہے۔