9 مئی کے واقعات میں پی ٹی آئی کو بیرونی مدد حاصل تھی ثبوت سامنے لائیں گے، رانا ثناء اللہ نے تہلکہ خیز دعویٰ کردیا
اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر سیاسی امور رانا ثناء اللّٰہ نے الزا م عائد کیا ہے کہ 9 مئی کے واقعات میں پی ٹی آئی کو بیرونی مدد حاصل تھی، جس کے ثبوت وقت آنے پر عوام کے سامنے رکھے جائیں گے، تحریک انصاف سیاسی طور پر افراتفری پیدا کرنے کیلئے جلسہ کرنا چاہ رہی تھی۔
"آج نیوز "کے مطابق نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کے دوران مسلم لیگ( ن) کے رہنما رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کا محرم کے آغاز میں جلسہ کرنے کا فیصلہ مناسب نہیں تھا، وہ سیاسی طور پر افراتفری پیدا کرنے کے لیے جلسہ کرنا چاہ رہی تھی، ان کا مقصد کبھی نیک نہیں ہوسکتا۔
رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ انتظامیہ نے کسی بنیاد پر پی ٹی آئی کو جلسہ کرنے کی اجازت نہیں دی ہوگی، تحریک انصاف کا مقصد کبھی نیک نہیں ہوسکتا ہے، ثبوت موجود ہیں کہ جیل میں منصوبہ بندیاں ہورہی ہیں، 9 مئی واقعات میں پی ٹی آئی کو بیرونی مدد بھی حاصل تھی، پاکستان میں ہنگامہ آرائی اور افراتفری کے لیے بیرونی مدد حاصل تھی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی نے جو کچھ کیا اس کو بیرونی فنڈنگ حاصل تھی، دشمن ممالک پی ٹی آئی کے ذریعے پاکستان میں افراتفری چاہتے ہیں۔ اگر کابینہ نے فیصلہ کیا تو پی ٹی آئی کے خلاف بیرونی مدد کے ثبوت بھی پیش کیے جاسکتے ہیں، بانی پی ٹی آئی کو عدالت نے اجازت نہیں دی کہ جیل میں سیاسی کانفرنسز اور میٹنگز کریں۔عمران خان کو یہ اجازت نہیں کہ وہ جیل میں رہ کر ایسی منصوبہ بندی کریں کہ باہر افراتفری ہو، آڈیو ویڈیو ثبوت ہمارے پاس نہیں مگر جن کی ذمہ داری ہے اور ڈیوٹی ہے اس کے پاس موجود ہیں۔