بیرسٹر سیف نے گورنرفیصل کنڈی کو ڈی آئی خان جلسے میں شرکت کی دعوت دیدی
پشاور (ڈیلی پاکستان آن لائن )گورنر خیبر پختونخوا کے بیان پر مشیر اطلاعات بیرسٹرسیف کا ردعمل سامنے آگیا، بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ نہ صرف اپنے حلقہ ڈی آئی خان جائینگے بلکہ جلسہ عام سے خطاب بھی کریں گے۔
نجی ٹی وی آج نیوز کے مطابق بیرسٹر سیف نے گورنر کے پی کو ڈی آئی خان جلسے میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کے کافی شاپس سے پیراشوٹ گورنر بھی جلسے میں شرکت کریں جلسے میں آپکا تعارف بھی ہوجائیگا کہ آپ ڈی آئی خان سے تعلق رکھتے ہیں۔رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ شرط یہ ہے کہ جلسے میں قیدی نمبر 804 کے نعرے برداشت کرنا ہوں گے، جلسے میں آپ کو کوئی گندے انڈے اور ٹماٹر بھی نہیں ماریں گے، یہ ہماری ذمہ داری ہوگی۔بیرسٹر ڈاکٹرسیف کا کہنا تھا کہ عوامی مینڈیٹ سے منتخب وزیر اعلیٰ اور پیراشوٹ پر آنے والے چونگے گورنر میں زمین آسمان کا فرق ہے۔ وزیر اعلی علی امین گنڈاپور عوامی مینڈیٹ کے منتخب شدہ رہنما جبکہ عوام نے آپ کو چار بار مسترد کیا ہے۔
واضح رہے کہ گورنر خیبرپختونخوا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان میں آئین بھی ہے اور قانون بھی، اگر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اسلام آباد پر چڑھائی کریں گے تو وہ کسی اور گھر جائیں گے، اپنی نااہلی اور کوتاہی چھپانے کیلئے اس قسم کا مو¿قف نہیں دینا چاہئے۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے پاس اکثریت بھی ہے پھر بھی اسمبلی اجلاس بلانے سے خائف ہیں، یہ نہیں ہو سکتا کہ آپ اپنا حق سڑکوں پر نکل کر مانگیں۔