شادی سے پہلے تھیلیسیمیا کا ٹیسٹ ضرورور کروائیں، خواجہ سلمان

شادی سے پہلے تھیلیسیمیا کا ٹیسٹ ضرورور کروائیں، خواجہ سلمان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(جنرل رپورٹر) مشیروزیراعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ حکومت بیماریوں کی روک تھام کیلئے موثرپروگرام پر عملدرآمد کررہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ تھیلیسیمیا کے مرض کو کنٹرول کرنے کے لئے عوام میں شعور بیدار کرنے کی ضرورت ہے تاکہ لوگ شادی سے پہلے تھیلیسیمیا کا ٹیسٹ کرانے کی طرف راغب ہوں اور طبی ماہرین کی رائے کے مطابق کزن میرج سے پرہیز کریں۔ انہوں نے کہا کہ رواں ماہ کے آخر میں ایک سیمینار منعقد کرایا جائے گا جس میں طبی ماہرین کے علاوہ تھیلیسیمیا کے مریضوں اور ان کے لواحقین کو بھی شرکت کی دعوت دی جائے گی تاکہ سب کی مشترکہ تجاویز کی روشنی میں پنجاب میں تھیلیسیمیا کنٹرول پروگرام کو زیادہ موثر بنایا جاسکے۔انہوں نے یہ بات فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کے کمیٹی روم میں پنجاب تھیلیسیمیا پری وینشن پروگرام (PTPP)کی کارکردگی اورپروگرام کو توسیع دینے کے منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں سیکرٹری ہیلتھ جواد رفیق ملک ، وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر فخر امام ، ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ (ٹیکنیکل) ڈاکٹر سلمان شاہد، پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹرشبنم بشیر ، ایم ایس ڈاکٹر عبدالباسط ، سندس فاؤنڈیشن کے یاسین خان اور دیگر ڈاکٹرز نے شرکت کی۔ ڈاکٹر شبنم بشیر نے بتایا کہ گزشتہ تین ماہ کے دوران تھیلیسیمیا کنٹرول پروگرام کو Revampکیا گیا ہے اور ملتان، بہاولپور، راولپنڈی اور لاہور میں پی ٹی پی پی کی ریجنل لیبارٹریز قائم کردی گئی ہیں جو تھیلیسیمیا کے ٹیسٹ کی سہولیات فرام کررہی ہیں مزید برآں ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی اور سرگنگارام ہسپتال میں ماں کے پیٹ میں بچے کا تھیلیسیمیا ٹیسٹ کرنے کی سہولت بھی شروع ہوگئی ہے۔مزید برآں اس سہولت کو ملتان اور بہاولپور تک توسیع دی جارہی ہے اور تھیلیسیمیا کی مریض ماں کے پیٹ میں بچہ کی تشخیص کرنے کے بارے گائناکالوجسٹ کی تربیتی ورکشاپ 10نومبر سے13نومبر تک سرگنگارام ہسپتال میں منعقد ہوگی جبکہ پبلک سیکٹر میں پہلی ڈی این اے ٹیسٹ لیبارٹری کا قیام بھی عمل میں آگیا ہے۔خواجہ سلمان رفیق نے تھیلیسیمیاکنٹرول پروگرام کی تنظیم نو کے کام کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت عوام کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام وسائل برائے کار لارہی ہے ۔