صوبہ بھر میں امن و محبت کیلئے مل کر آگے بڑھیں گے،اعجازعالم
لاہور(لیڈی رپورٹر)صوبائی وزیرانسانی حقوق و اقلیتی اموراعجاز عالم آگسٹین نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے بین العقائد ہم آہنگی جیسی اہم ذمہ داری سونپنے پر شکر گزار ہوں اور امید کرتا ہوں کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کے باہمی اشتراک سے صوبہ بھر میں امن و محبت قائم کرنے کے لئے ملکر آگے بڑھیں گے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں جس طرح مسلمانوں کے حقوق ہیں،ایسے ہی دیگر مذاہب کے بسنے والوں کے حقوق ہیں،محکمہ انسانی حقو ق و اقلیتی امور کے پلیٹ فارم سے تمام شہریوں کی جان و مال،عزت وآبرو کی حفاطت یقینی بنا رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہا ر آج صوبائی وزیر نے خطیب بادشاہی مسجد سیدنا مولانا عبدالخبیر آزاد سے نیو منسٹر بلا ک میں ایک ملاقات کے دوران کیا۔خطیب بادشاہی مسجد نے صوبائی وزیر کو بین العقائد ہم آہنگی جیسی اہم ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے معاشرے میں امن و محبت قائم کرنے کے حوالے سے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور امید ظاہر کی کہ وزارت انسانی حقوق اس اہم ذمہ داری کو پہلے سے موجود ذمہ داریوں کی طرح بخوبی نبھائے گی۔انہوں نے صوبائی وزیر کو معاشرے میں یگانگت،امن واستحکام قائم کرنے کیلئے مزید اقدامات یقینی بنا نے پر زور دیتے ہوئے ایک اعلیٰ سطح کی امن کانفرنس منعقد کرنے کی تجویز بھی دی۔اعجاز عالم آگسٹین نے مولانا عبدالخبیر کو یقین دلایا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی باہمی مشاورت سے جلد کانفرنس کا انعقاد یقینی بنایا جائیگا کیونکہ اس طرح کی کانفرنسوں سے رواداری،ہم آہنگی اور امن کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ ملکر معاشرے میں امن قائم کرنے کے ساتھ نفرتوں کا خاتمہ یقینی بنائیں گے کیونکہ پاکستان کو صحیح معنوں میں ایک اسلامی،اصلاحی اور فلاحی ریاست بنانے کے لئے مل کر آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔