بجلی کی تقسیم کارکمپنیوں نے ایک بار پھر صارفین سے اربوں روپے بٹورنے کی تیاری کر لی
اسلام آباد( خصوصی رپورٹ)بجلی کی تقسیم کارکمپنیوں نے ایک بار پھر صارفین سے اربوں روپے بٹورنے کی تیاری کر لی ۔
تفصیلات کے مطابق بجلی کی تقسیم کارکمپنیوں ڈسکوز نےنیپرا سے 8 ارب 70 کروڑروپے پاکستان بھر میں صارفین سے 2024-25 کی پہلی سہ ماہی میں میں مختلف ایڈجسٹمنٹس کی مد میں وصول کرنے کی منظوری طلب کی ہے۔ اضافی چارجز پر 18 فیصد جی ایس ٹی سے صارفین پر مزید 1.566 ارب کابوجھ آئے گا،اوربھی کئی ٹیکس ہیں جوڈسکوز کی نااہلیوں کی وجہ سے صارفین کو ادا کرنا پڑیں گے۔
"جنگ " کے مطابق اس وصولی کا بڑا حصہ یعنی 8 ارب روپے سے زائدرقم صارفین سے کیپسٹی چارجز ( بجلی بنانے کی صلاحیت کے باوجود بجلی نہ خریدنے کے اخراجات) کی مد میں بجلی پیدا کرنے کی نجی کمپنیوں کو ادا کیے جائیں گے۔ ایک مرتبہ جب نیپرا نے ڈسکوز کےلیے فی یونٹ اضافی چارجز متعین کردیے تواس چیز کا اطلاق کے الیکٹرک بھی کرے گی کیونکہ اس حوالے سے وفاقی حکومت پہلے ہی ایک جیسے نفاذ کی پالیسی گائیڈلائنز جاری کر چکی ہے۔ بجلی کی ضابطہ کار اتھارٹی نے اس حوالے سے 20 نومبر کو ایک عوامی سماعت کرنے کا فیصلہ کیاہے۔ ڈسکوز نے رواں سہ ماہی کیلئے اپنی درخواست میں کیپسٹی چارجز، ٹرانسمشن چارجز، مارکیٹ آپیشن فیس، سسٹم چارجز، ٹرانسمشن اینڈ ڈسٹری بیوشن کے نقصانات کا اثر اور دیگرآپریشننز اور مرمت کے اخراجات طلب کیے ہیں۔