اقوام متحدہ فلسطین و کشمیر کی قراردادوں پرعملدرآمد نہیں کراسکا، اسلامی ممالک کو فیصلہ کن اقدامات کرنے ہوں گے:نواز شریف

اقوام متحدہ فلسطین و کشمیر کی قراردادوں پرعملدرآمد نہیں کراسکا، اسلامی ...
اقوام متحدہ فلسطین و کشمیر کی قراردادوں پرعملدرآمد نہیں کراسکا، اسلامی ممالک کو فیصلہ کن اقدامات کرنے ہوں گے:نواز شریف

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن )نہتے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے اسلام آباد میں آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) کا انعقاد کیا گیا ، جس میں پی ٹی آئی کے علاوہ ملک کی تمام سیاسی قیادت نے بھرپور شرکت کی۔
اے پی سی میں صدرمملکت آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ صدر مسلم لیگ ن نواز شریف نے بھی کانفرنس میں شرکت کی۔
اس کے علاوہ اے پی سی میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی، سابق نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ، جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما لیاقت بلوچ، جے یو آئی ف کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفوری حیدری، مسلم لیگ ضیاء کے سربراہ اعجازالحق، اے این پی کے سربراہ ایمل ولی خان، ایم کیوایم کے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی بھی شریک ہوئے۔
ڈاکٹر خالد مگسی ، عبدالعلیم خان، احسن اقبال اور شیری رحمان بھی کانفرنس میں نظر آئیں۔
صدر مملکت نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس میں سب قائدین کو خوش آمدید کہتا ہوں، اے پی سی فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کیلئے ہورہی ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت کے باعث اب تک 41 ہزارفلسطینی شہید ہوچکے ہیں، فلسطین اور غزہ میں صحت اور تعلیم کا ڈھانچہ بری طرح تباہ ہوچکا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت سے خطے کے امن واستحکام کو شدید خطرہ ہے، پاکستان اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتا ہے، ہم فلسطینی اور لبنان کے عوام سے یکجہتی کا اظہارکرتے ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ عالمی برادری اسرائیل کی جانب سے نسل کشی روکنے میں ناکام ہوئی ہے، عالمی برادری کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ کشیدگی کم کرانے میں کردار ادا کرے، عالمی برادری اسرائیلی مظالم روکنے کیلئے فوری ایکشن لے، سلامتی کونسل خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنائے، عالمی برادری اسرائیل کی جانب سے جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں روکے اور مسئلہ فلسطین کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے، ساتھ ہی اسرائیل کومہم جوئی اور مزید جارحیت سے روکا جائے۔
ن لیگ کے قائد نواز شریف نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین میں جاری ظلم و ستم دیکھ کر دل تڑپ جاتا ہے، ماو¿ں کی گود سے بچے چھین کر شہید کئے جارہے ہیں، جو ظلم وبربریت غزہ میں جاری ہے تاریخ میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی، اسرائیل نے فلسطین پر غاصبانہ قبضہ کیا ہوا ہے۔
نواز شریف نے کہا کہ اقوام متحدہ فلسطین کی صورتحال پر بے بس نظر آتی ہے، وزیراعظم نے اقوام متحدہ میں مسئلہ فلسطین بھرپور طریقے سے اجاگر کیا، وزیراعظم کے جنرل اسمبلی سے خطاب کو عالمی رہنماوں نے بھی سراہا۔
نواز شریف نے کہا کہ اقوام متحدہ فلسطین سے متعلق اپنی قراردادوں پر عملدرآمد نہیں کراسکا، کشمیر پر بھی اقوام متحدہ کی قرارداوں پرعملدرآمد نہیں ہوا، اقوام متحدہ امن و انصاف کیلئے قراردادوں پر عملدرآمد نہیں کراسکا، اس لئے اسلامی ملکوں کو اکٹھے بیٹھ کر فلسطین کے حوالے سے فیصلہ کن اقدامات کرنے چاہئیں۔
نواز شریف نے کہا کہ غزہ کھنڈرات میں تبدیل ہوچکا ہے، ایسی اقوام متحدہ کا کیا فائدہ جو ظلم و بربریت کو نہ روک سکے۔
ن لیگ کے صدر نے کہا کہ وزیراعظم نے جو روڈ میپ دیا ہے اس پر غور کرنا چاہئے، پاکستان کے عوام ہم سے فیصلہ کن اقدامات کی توقع کرتے ہیں، پاکستان ہمیشہ فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا رہا اور رہے گا۔

مزید :

قومی -اہم خبریں -