آر ٹی ایس کہاں سے آیا؟ اسکا جواب الیکشن کمیشن ہی دے سکتا ہے:مفتاح اسماعیل
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)سابق وفاقی وزیر خزانہ اور مسلم لیگ ن کے رہنما مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ ہماری حکومت نے عام انتخابات کے لئے 22ارب روپے الیکشن کمیشن کو دیئے تھے ،ہمیں یہ معلوم نہیں کہ الیکشن کمیشن نے آر ٹی ایس سسٹم کس سے خریدا؟۔
نجی ٹی وی کے مطابق مفتاح اسماعیل نے کہا کہ صاف شفاف الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے،آر ٹی ایس کہاں سے آیا؟ اسکا جواب الیکشن کمیشن ہی دے سکتا ہے، اب الیکشن کمیشن کہتا ہے کہ آر ٹی ایس فیل ہو گیا اور نادرا کہتا ہے ایسا نہیں ہوا۔ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ میری دعا ہے کہ عمران خان کی حکومت 5سال پورے کرے۔ آصف علی زرداری کیخلاف جے آئی ٹی کی تشکیل پر سوال کا جواب دیتے ہوئے انہو ں نے کہا کہ میں اس بارے میں بہتر جواب نہیں دے سکتا،میں یہ جانتا ہوں کہ ہر صورت قانون پر عمل ہو، نہ کسی کو سہولت دی جائے اور نہ کسی کے ساتھ قانون سے ہٹ کر برتاؤ کیا جائے۔