ضلع بھر میں امن و امان کا قیام پولیس کی ذمہ داری ہے،ڈی پی او چکوال

ضلع بھر میں امن و امان کا قیام پولیس کی ذمہ داری ہے،ڈی پی او چکوال

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈی پی او چکوال منیر مسعود مارتھ نے بدھ کے روز بتایا کہ ضلع بھر میں امن و امان کا قیام پولیس کی آئینی ذمہ داری ہے۔عیدمیلاد النبی ﷺ کے پر مسرت موقع پر چکوال پولیس نے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔وہ ڈی پی او آفس کے کانفرنس روم میں ضلعی امن کمیٹی کے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے خطاب کر رہے تھے۔اس موقع پر ضلع بھرکے تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام نے شرکت کی۔جبکہ اس موقع پر ڈی ایس پی چوآسیدنشاہ ریاض حسین ،ڈی ایس پی تلہ گنگ فضل عباس،ڈی ایس پی ٹریفک نعیم چیمہ،ڈی ایس پی کاظم علی نقوی کے علاوہ سی ایس او اعجاز شاہ بھی موجود تھے۔ڈی پی او نے کہا کہ عید میلاد النبی ﷺ امت مسلمہ کے لیے اللہ کی طرف سے ایک عظیم تحفہ ہے۔اور الحمد اللہ تمام مکاتب فکر سرکار دو عالم کی آمد کو اپنے اپنے انداز میں بتدریج احسن منا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 12ربیع الاول کو ضلع بھر میں عید میلاد النبی کے حوالے سے نکالے جانے والے جلوسوں کو پولیس مکمل طور پر فول پروف سیکورٹی فراہم کریگی۔جبکہ جلوس کے منتظمین کا بھی فرض ہے کہ اس اہم موقع پر وہ بھی پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔ڈی پی او نے مزید بتایا کہ ضلع چکوال میں مجموعی طور پر 83جلوس 14محفل نعت اور ایک عرس سمیت90کے قریب پروگرام مرتب ہونگے۔اور اس کے لیے وسیع پیمانے پر تمام ایس ڈی پی او اور ایس ایچ اوز صاحبان کو اہم ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔تمام علمائے کرام نے ڈی پی او کو یقین دلایا کہ وہ پولیس کے ساتھ اپنا بھر پور تعاون جاری رکھیں گے۔