آئیڈیا سینٹرسٹی ایڈورٹائزنگ کی بہترین مثال ہے،عدنان خواجہ

آئیڈیا سینٹرسٹی ایڈورٹائزنگ کی بہترین مثال ہے،عدنان خواجہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اسٹاف رپورٹر)فل برائٹ سوشل انوویشن چیلنج ونر IdeaCentricity نے پانچ بڑے شہروں میں تین ہزار سے زائد رکشاؤں پر آؤٹ ڈور اشتہاری مہم Rixi Adz کے ذریعے ایڈورٹائزنگ مارکیٹ کو ہلا کر رکھ دیا ہے ۔رنگ برنگے رکشاؤں سے مزین یہ اشتہارات روایتی حکیم،دواخانہ اور عرس کی تشہیر سے انتہائی مختلف ہیں ،رات کے اوقات میں یہ رنگ برنگے اور روشنی سے مزین اشتہاری رکشے انتہائی دیدہ زیب منظر پیش کرتے ہیں اور لوگوں کی نظریں ان رکشاؤں پر ٹھہر جاتی ہیں۔اس کی انفرادیت یہ ہے کہ ان رکشاؤں کو خاص طور پر بیک لٹ بورڈ فیوز سے آراستہ کیا گیا ہے ،برانڈز تشہیر کے اس طریقہ کار کو آؤٹ ڈور ایڈورٹائزنگ کے مقابلے میں کہیں کم اخراجات کے عوض استعمال کرسکتے ہیں اور ابھی تک اینگرو فوڈز ،نیسلے ،یونی لیور اور Monelez, جیسے مایہ ناز برانڈز اس سے استفادہ کرچکے ہیں۔روا ں برس اس کنٹریکٹ کو ایوارڈ کئے جانے سے 200سے زائد رکشہ ڈرائیورز کی آمدنی میں خاطر خواہ اضافہ ہوا۔IdeaCentricityکے سی ای او عدنا ن خواجہ کے مطابق یہ بہترین ایڈورٹائزنگ کی ایک شاندار مثال ہے اور اس تشہیری مہم سے حاصل ہونے والی آمدنی براہ راست کم اجرت پانے والے ورکرز کے معیار زندگی کو بلند کرنے میں اہم کردار ادا کررہی ہے ،اس تشہیری مہم سے نہ صرف برانڈز کو فائدہ پہنچ رہا ہے بلکہ Rixi سروس سے جڑے رکشہ ڈرائیور اور انکے خاندانوں کو بھی مالی فوائد حاصل ہورہے ہیں۔عدنان خواجہ کا کہنا تھا کہ ہمیں اس تشہیری مہم کے آغاز کیلئے متعلقہ حکومتی اداروں سے اجازت لینے کا چیلنج درپیش تھا ،اس ضمن میں بعض اداروں نے ہمارے ساتھ بے حد تعاون کیا جبکہ بعض اداروں نے رکارٹیں دور کرنے کیلئے رشوت بھی طلب کی مگر ہم نے ایسا کرنے کے بجائے چیلنج کو قبول کرنے میں بہتری جانی،ان کا کہناتھا کہ غربت کے خاتمے کیلئے کردار ادا کرنے والی سماجی انٹر پرائزز کیلئے پریکٹیکل پالیسیوں کا اجراء انتہائی ضروری ہے۔مستقبل کی منصوبہ بندی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ Rixiکے تحت ہم جلد ہی نئی رائیڈز بھی متعارف کرائینگے،کراچی میں بل بورڈز ہر عائد پابندی کے باعث ہم سمجھتے ہیں کہ مارکیٹنگ کیلئے ہمارے پاس انتہائی نادر مواقع موجود ہیں اور ہم مستقبل میں اپنی سروس کے دائرہ کار کو ملک کے 30بڑے شہروں تک پھیلائینگے ،ہم یہ سمجھتے ہیں کہ یہ انتہائی آئیڈیل ٹیکنالوجی مکس سالوشن ہے جس کے انتہائی مثبت سماجی اثرات بھی ہیں ۔