پاکستان نے مشکل ترین حالات میں افغان مہاجرین کو پنا ہ دی ،بھارت نے کانفرنس کا ماحول خراب کیا جسے وہاں موجود کسی ملک نے بھی نہیں سراہا :ترجمان دفتر خارجہ
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا نے کہا ہے کہ پاکستان نے مشکل ترین حالات میں بھی افغان مہاجرین کو پناہ دی ،بھارت نے ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کا ماحول خراب کرنے کی کوشش کی جس کا منفی تاثر ابھرا ۔ان کا کہناہے کہ بھارت کا بنیادی مقصد مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کی پردہ پوشی کرنا تھا ،بھارت کے اس رویے کو کانفرنس میں موجود کسی بھی ملک نے نہیں سراہا ۔
دفتر خارجہ میں ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے نفیس ذکریا نے کہا کہ بھارتی ایجنسی ”را“افغانستان کے ذریعے پاکستان میں دہشت گردی کرواتی ہے ،افغان سر زمین پاکستان کے خلاف استعمال ہو رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ طالبان ،القاعدہ ،جماعت الاحرار ،حقانی گروپ افغانستان سے کام کر رہے ہیں ،افغانستان انسداد دہشت گردی اور بارڈر مینجمنٹ پر پاکستان سے تعاون کر ے ۔نفیس ذکریا نے کہا کہ افغانستان میں قیام امن کے لیے ہماری شفاف پالیسی ہے ،افغان امن عمل اور اعتدال کا قیام پاکستان کا بنیادی مقصد تھا۔ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں ،کشمیری قوم کی ثابت قدمی کوسلام پیش کرتے ہیں ،حریت قیادت کا اتحاد مثالی ہے ،عالمی برادری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے ۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے اچھے تعلقات ہیں،ایران نے پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالثی کی پیشکش کی ہے۔دفتر خارجہ نے بریفنگ کے آغاز میں طیارے میں جاں بحق افراد کے لیے دعا کرائی اور کہا کہ اس حادثے سے پوری قوم افسردہ ہے ۔ان کاکہنا تھا کہ امریکہ نے طیارہ حادثے کی تحقیقات میں تعاون کی پیشکش کی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ افغان صدر اشرف غنی کے بیان پر تبصرہ مناسب نہیں ،مشیر خارجہ سرتاج عزیز اس پر تبصرہ کر چکے ہیں ۔