ایس ایس پی رخصت پر چلے گئے، حیدر آباد میں 3 روز سے جاری وکلاءکا دھرنا ختم

حیدرآباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )حیدرآباد میں مقدمے کے تنازع پر 3 روز سے جاری وکلاءکا دھرنا ختم کر دیا گیا۔
نجی ٹی وی جیو نیو ز کے مطابق صدر سندھ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے حیدر آباد میں تین روز سے جاری وکلا کا دھرنا ختم کرنے کا اعلان کیا۔
دوسری جانب ڈی آئی جی حیدرآباد کا کہنا ہے کہ ایس ایس پی حیدر آباد فخر لنجار کی چھٹیاں منظور کر لی گئی ہیں اور ان کی غیر موجودگی میں ایس ایس پی ٹنڈو محمد خان کو اضافی چارج دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ تین روز قبل ایک وکیل پر مقدمے کے اندراج کے خلاف حیدرآباد بائی پاس پر وکلا نے دھرنا دے دیا تھا جس سے قومی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر تھی اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگنے سے سینکڑوں مسافر پھنس کر رہ گئے تھے۔
حیدر آباد کے وکلا سے اظہار یکجہتی کے لئے گزشتہ روز کراچی میں بھی وکلا کی جانب سے کورنگی روڈ ڈیفنس موڑ پر دھرنا دیا گیا۔