گرین پاکستان پروگرام کے پہلے مرحلے کیلئے 2 ارب روپے کی منظوری

گرین پاکستان پروگرام کے پہلے مرحلے کیلئے 2 ارب روپے کی منظوری

اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم محمد نواز شریف نے پاکستان میں جنگلات کی بحالی اور جنگلی حیات کے تحفظ کے لئے وفاقی وزارت موسمیاتی تبدیلی کے 10 ارب روپے کی لاگت کے پانچ سالہ جامع منصوبہ ’’گرین پاکستان پروگرام‘‘ کے لئے پہلے مرحلے کے طور پرآئندہ دو سالوں کیلئے 2 ارب روپے کی منظوری دیدی ہے ۔ نئے مالی سال 2016-17ء کے وفاقی ترقیاتی بجٹ کے تحت اس پروگرام کے لئے ایک ارب روپے مختص کئے گئے ہیں اور اس پر جولائی سے کام شروع ہو جائے گا۔ وفاقی وزارت کے شعبہ جنگلات کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل مناف قائم خانی نے پریس بریفنگ کے دوران میڈیا کو بتایا کہ یہ منصوبہ وزیراعظم نواز شریف کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں بنایا گیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت ملک بھر میں آنے والے پانچ سالوں کے دوران دس کروڑ اور پچاس لاکھ پودے لگائے جائیں گے ، اس منصوبے کے تحت آبپاشی کے ذرائع، سڑکوں، ساحلی، دیہی اور شہری علاقوں میں مقامی اقسام کے نئے درخت لگائے جائیں گے۔ مناف قائم خانی نے صحافیوں کو مزید بتایا کہ اس قومی سطح کے اہم منصوبے پر کام اسی سال جولائی میں شروع کیا جائے گا اور اس سلسلے میں قومی سطح پر ایک آگاہی سیمینار منعقد کیا جائے گا جس میں تمام صوبوں کے متعلقہ محکموں اور مقامی اور بین الاقوامی غیرسرکاری تنظیموں کے نمائندوں ، ماہرین جنگلات و جنگلی حیات شرکت کریں گے۔ اس کانفرنس میں گرین پاکستان پروگرام کے لیے مزید فنڈنگ کے مختلف ذرائع تک رسائی حاصل کرنے کے لیے بات کی جائے گی۔اس منصوبے کوتمام صوبوں، گلگت بلتستان ، آزاد جموں و کشمیر اورفاٹاکی حکومتوں کے تعاون سے شروع کرنے کے لیے وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی زاہد حامد صوبوں کے وزرا ء اعلیٰ کوجلد خط لکھیں گے۔

مزید : صفحہ آخر